وزیراعظم نے قبائلی اضلاع کیلئے پیکج کا اعلان کر دیا
میرانشاہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے قبائلی اضلاع کیلئے پیکج کا اعلان کر دیا ہے ۔خاصہ داروں اورلیویز اہل کاروں کی ملازمت کو سرکاری تحفظ دیا جائےگا۔قبائلی علاقوں میں یونیورسٹی سطح تک کے تعلیمی ادارے بنائے جائیں گے۔انصاف کی جلد فراہمی نظام قائم ہوگا اور قبائلی علاقوں کو صحت کارڈ دیے جائیں گے۔ماہر ڈاکٹرز کی کمی دورکر نے کے لئے ٹیلی میڈیسن کا نظام نافذ کیا جائے گا اور شمالی وجنوبی وزیرستان کے ہسپتالوں کے ساتھ میڈیکل کالج قائم کئے جائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ شمالی وزیرستان کا دورہ کیا ۔انہوں نے شمالی وجنوبی وزیرستان کے عمائدین کے مشترکہ جرگے میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تمام سرحدوں پر امن چاہتا ہے۔ اسٹیک ہولڈرز سےمل کر افغان امن عمل میں کردار ادا کرے گا۔پاکستان کو مسلط کردہ جنگ کی بھاری قیمت چکاناپڑی۔ دوبارہ پرائی جنگ نہیں لڑیں گے ۔وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردی کا سامنا کرنے پر سابق فاٹا کے عوام کے حوصلوں اور دہشت گردی کیخلاف کامیاب آپریشنز پر پاک فوج اور انٹیلیجنس اداروں کو سراہا۔ قبائلی علاقوں میں جلد صوبائی و بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختون محمود خان اور وزیردفاع پرویز خٹک بھی ہمراہ تھےق۔وزیراعظم کو استحکام کے لیے جاری آپریشنز، سماجی و معاشی منصوبوں اور ٹی ڈی پیز کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔