اسرائیل نے پھر فلسطینی گورنر پکڑلیا۔29 نومبر تک کا ریمانڈ
مقبوضہ بیت المقدس(امت نیوز) اسرائیلی پولیس نےمقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنرعدنان غیث کو دوبارہ گرفتار کرکے عدالت سے 29 نومبر تک کا ریمانڈلےلیا۔پولیس ترجمان مکی روزین نے الزامات کی تفصیل نہیں بتائی۔ عدنان غیث کے وکیل کا کہنا ہےکہ موکل نے کوئی جرم نہیں کیا، ایسا لگتا ہے کہ پولیس انہیں ان کے عہدے پر کام کرنے سے روکنا چاہتی ہے۔واضح رہے کہ سلوان کے رہائشی عدنان غیث کو ستمبر میں مقبوضہ بیت المقدس کا گورنر تعینات کیا گیا تھا۔ پولیس نے اکتوبر میں بھی انہیں 2 روز تک حراست میں رکھا تھا، 4 نومبر کوایک بار پھر ان کے دفتر پر چھاپہ مارکر تلاشی لی۔اسرائیلی حکام نے فلسطین کے وزیربرائے امور مقبوضہ بیت المقدس عدنان الحسینی پر بھی 3 ماہ کی سفری پابندی عائد کر رکھی ہے۔