روس کا چاندپرجانےکےامریکی دعوےکی حقیقت جاننےکافیصلہ
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے چاندپرجانے کے امریکی دعوے کی حقیقت جاننے کافیصلہ کرلیا۔روسی اسپیس ایجنسی کے سربراہ کے مطابق وہ چاند پر ایک مشن روانہ کریں گے تاکہ پتا لگایا جا سکے کہ 1969ء میں چاند پر پہلا قدم رکھنے کا امریکی دعویٰ سچ تھا یا جھوٹ۔ متعدد حلقے امریکی دعوے پر شک کا اظہار کرتے ہیں۔ایک تجویز کردہ روسی مشن میں ان حقائق کی بھی تصدیق کی جائے گی کہ آیا امریکی خلائی مشن اپالو گیارہ کے خلا نوردوں نے 20 جولائی 1969 کے روز نظام شمسی کے سیارے زمین کے گرد گھومنے والے چاند کی سطح پر لینڈنگ کی تھی۔روسی اسپیس ایجنسی کے سربراہ دیمیتری روگوزین نے ٹویٹر پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے ہم ایک پرواز بھیجیں گے تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ وہ وہاں گئے تھے یا نہیں۔ روسی خلائی ایجنسی کے سربراہ نے یہ بات ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہی۔ جرمن نیوز ایجنسی کے مطابق بظاہر یوں لگتا ہے کہ انہوں نے یہ بات مذاق میں کہی ہے لیکن ان کی اس بات کو سنجیدہ لیا جا رہا ہے کیوں کہ ناسا کے اس مشن کے حوالے سے روس میں پہلے ہی سازشی نظریے بہت مشہور ہیں۔