فواد عالم نے رکی پونٹنگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
لاہور( امت نیوز)ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم اب بھی قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے نظر کرم کے منتظر ہیں۔بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو2009کے بعد ٹیسٹ،2015کے بعد ون ڈے جب کہ2010کے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔33 سالہ فواد عالم مئی 2017میں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا ۔ فواد عالم نے ابھی تک سلیکشن کمیٹی کے اس رویے کے باوجود ہار نہیں مانی ہے۔