برنس روڈ پر 60 گھر – کجھی گراونڈ میں شادی ہال مسمار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ نے برنس روڈ میں مزید 60 گھرجبکہ ضلع وسطی میں غیر قانونی شادی ہال اور دفتر مسمار کردیا۔ برنس روڈ پر 4 روز سےجاری آپریشن میں اب تک 800 سے زائد دکانیں، کیبن، ٹھیلے، پتھارے اور دیگر تجاوزات مسمار کی جاچکی ہیں۔ پہلے روز مین برنس روڈ پر آپریشن کیا گیا، جس میں دکانوں کے چھجوں سمیت قانونی دکانوں کو بھی مسمار کیا گیا۔ دوسرے روز برنس روڈ کی گلیوں میں آپریشن کیا گیا، جس میں حدود سے باہر گھروں کو مسمار کیا گیا، جبکہ آپریشن کے تیسرے اور چوتھے روز برنس روڈ کی 20سے زائد گلیوں میں کارروائی کی گئی اور60سے زائد گھر منہدم کر دیئے گئے۔ برنس روڈ آپریشن میں اب تک 800 سے زائد تجاوزات مسمار کی جاچکی ہیں، جن میں گھر، دکانیں، ہوٹلز، پتھارے اور دیگر غیر قانونی تعمیرات شامل ہیں۔ ضلع وسطی میں انکروچمنٹ عملے نے کارروائی کرکے کھجی گراؤنڈ میں قائم غیر قانونی شادی ہال کو مسمار کردیا۔ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور، اسسٹنٹ کمشنر سمیت متعلقہ پولیس کی نگرانی میں کی گئی۔ ضلع وسطی میں ایک اور کارروائی میں مجاہد کالونی پارک کی اراضی پر قائم دفتر بھی گرا دیا گیا۔ میٹروپولیٹن کمشنر سیف الرحمان کا کہنا تھا کہ پارکس، فٹ پاتھیں اور نالے صاف ہونے تک تجاوزات کے خلاف بھر پو رکارروائی جاری رہے گی۔ عوام اور کاروباری حضرات از خود تعاون کریں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹالیں ، تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفو ظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ برنس روڈ کی اندرونی گلیوں میں رہائشی اور کاروباری حضرات نے خو د بھی تجاوزات ہٹانا شروع کردی ہیں، جو لوگ از خودتجاوزت ہٹانے میں تعاون کررہے ہیں، ہم ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے انتہائی مصروف ترین علاقوں کی فٹ پاتھوں، پارکوں اور نالوں پر بھی بہت سے دکانداروں نے اپنی دکانیں آگے تک بڑھا لی تھیں ، جبکہ وہاں مقیم افراد نے بھی اپنے مکانات کے اگلے حصوں کو اصل حدود سے آگے بڑھا لیا تھا۔ لہٰذا تمام تعمیرات غیر قانونی زمرے میں شمار ہوتی ہیں، جن کیخلاف سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کرتے ہوئے کارروائی کی جارہی ہے اور شہر کے پارکوں، فٹ پاتھوں اور نالوں پرقائم تجاوزات کو مسمار کیا جارہا ہے ۔ ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے‘‘امت ’’کو بتایا کہ بزنس روڈ پر 4روز سے آپریشن جاری ہے، جس میں مجموعی طورپر 800سے زائد تجاوزات مسمار کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیونٹی سینٹر کا شادی ہال غیر قانونی طور پر چلایا جارہا تھا، جس کو مسمار کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برنس روڈ پر آج بھی آپریشن جاری رہے گا، جبکہ آپریشن کا اگلہ مرحلہ اولڈ سٹی ایریا میں ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More