کراچی (اسٹاف رپورٹر) دفاعی نمائش ’آئیڈیاز 2018‘ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہتھیار برائے امن، بین الاقوامی دفاعی نمائش ’آئیڈیاز کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔نمائش میں پاکستان ایئر فورس کے اسٹال کے علاوہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے ،جبکہ جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق اور پاک فضائیہ کے تیارکردہ ڈرونز اور مختلف قسم کے سیمولیٹرز بھی نمائش میں پیش کئے گئے ہیں۔ آئیڈیاز 2018 کے دوران مختلف ممالک سے دفاعی معاہدوں کی یاداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔ ایکسپو سینٹر میں افتتاحی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔ وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں ، اس دوران وہ بھی نمائش میں شرکت کریں گے۔ 4 روزہ نمائش میں 52 ممالک کے 260 مندوبین جب کہ 14 ممالک اپنے دفاعی سازوسامان کے ساتھ بھرپور انداز میں شریک ہیں ، اس کے علاوہ 6 ممالک کے ایئر چیفس بھی دفاعی نمائش میں شرکت کررہے ہیں۔ 30 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش کے دوران مختلف سیمینارز کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔ ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن کے مطابق رواں برس گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کچھ ممالک کا اضافہ ہوا ہے ،جن کے دفاعی وفود بھی نمائش میں شریک ہیں، نمائش میں ملکی اور غیرملکی کمپنیوں کے 500 اسٹالز لگائے گئے ہیں، جس کے ذریعے پاکستان اوردنیا بھر کے ممالک کے درمیان دفاعی صنعت، کاروبار اور تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین اور تجربہ کار فوج ہے اور دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے اور ہمیں اپنی فوج کے شہدا پر فخر ہے۔ علاوہ ازیں موہاٹا پیلیس میں دسویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن ا ور سیمینار آئیڈیاز 2018 کے شرکا کے اعزاز میں عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آئیڈیاز 2018 ء سے پاکستان کے اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آپ کا پاکستان میں قیام خوش گوار ہوگا۔انہوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سندھ حکومت کے لیے ایک بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ وہ سال 2000 سے کراچی میں آئیڈیاز کی لگاتار میزبانی کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ اس سے کراچی کے لوگوں کا پاکستان کے اس میگا قومی ایونٹ کے ساتھ چاہ اورگہری وابستگی کا اظہار ہوتا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی آئیڈیاز کا میزبان شہر رہاہے اور اس ایونٹ سےملکی اور بیرون ممالک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا۔