وزیراعظم کی سرکاری اراضی پرقبضے مکمل ختم کرانےکی ہدایت
راولپنڈی(نمائندہ امت) چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آرڈی اے )محمد عارف عباسی نےوزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ان کی کارکردگی کوسراہا اورکہاکہ ملک بھرکی طرح آر ڈی اے کی حدود میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن قابل ستائش ہے، سرکاری زمینوں پر قبضےسمیت ہرقسم کی تجاوزات کوفوری طورپر ختم کیاجائے،آرڈی اےکوجدیدخطوط پراستوار کیاجائے،عوامی شکایات سیل کو فی الفور فعال کیا جائے،اور کوشش کی جائے کہ سائلین کے مسائل بلاتاخیر حل ہوں،ایسے اقدامات سے عوام کو سرکاری اداروں پر اعتماد بڑھے گا۔انھوں نے ہدایات جاری کیں کہ وہ ادارے میں میرٹ کو اولین ترجیح بنائیں،افسران اور عوام میں روابط کو مضبوط بنائیں اور عوامی شکایات پر خود نوٹس لے کر انھیں جتنا جلدی ہوسکے دور کریں۔چیئرمین نے عمران خان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت میں کوئی کسر نہ اٹھارکھیں گے،اور ادارے کی مضبوطی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔فیض آباد کے قریب کمرشل علاقوں میں متعدد تجاوزات کو مسمار کردیا گیا۔چیف میونسپل کارپوریشن شفقت رضا کی سربراہی میں آپریشن کیا گیا ۔نجی پلازے میں بغیر نقشہ زیر تعمیر لابی کو مسمار کردیا گیا ۔حکام کا کہنا ہے کہ متعدد درخواستوں کے باوجود مطلوبہ پولیس نفری مہیا نہیں کی گی۔اس موقع پر تاجروں کا کہنا تھا کہ چوھدری نثار کے گھر کے باہر بھی تجاوزات ہیں ان کے خلاف آپریشن نہیں کیا جا رہا جبکہ صرف تاجروں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔