مہران ٹاؤن میں کے ڈی اے ٹیم پر حملے کا مقدمہ درج-5 گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں مہران ٹاؤن میں قبضہ مافیا کے خلاف منگل کو ہونے والی انہدامی کارروائی میں نامعلوم افراد کی جانب سے کے ڈی اے کی ٹیم پر حملہ اور فائرنگ کرنے کا مقدمہ نمبر 1177/18 کے ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خرم شہباز کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7ATA، 147- 148- 149- 353- 324- 427- 435- 436- لگا ئی گئی ہے ۔مقدمے میں 30 سے زائد افراد کو نامزد بھی کیا گیا ہے۔ہنگامہ آرائی میں ملوث 5 ملزمان خان عرف خانو، نیازل، چوہدری حمید، علی بخش اور غلام سرور کو گرفتار کرلیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مہران ٹاؤن میں سرکاری زمین پر ایک پولیس افسر اور سیاسی و قوم پرست جماعت کے افراد نے ملی بھگت سے قبضہ کر کے سادہ لوح شہریوں کو فروخت کردیا تھا۔اب آپریشن کے دوران مزاحمت بھی وہی افراد کررہے ہیں۔