ریلوے افسرنے شیخ رشید کوبریفنگ میں یوشٹ اپ کہا۔اشفاق خٹک
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق سربراہ سی پیک ریلوے پراجیکٹ اشفاق خٹک نے انکشاف کیاہے کہ سرکاری افسرنے شیخ رشید کوبریفنگ کے دوران یوشٹ اپ کہہ دیا تھا ۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے اشفاق خٹک نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے ساتھ میٹنگ میں وہ سی پیک پر بریفنگ دے رہے تھے، اس دوران وزیر ریلوے نے کہا رضیہ بٹ کا ناول نہ سنائیں مختصر بات کریں ۔ جس پر چیف کمرشل مینیجر نے شیخ رشید کو جواب دیا کہ آپ اس طرح بات نہیں کرسکتے ۔وزیر ریلوے نے غصے میں افسر سے کہا شٹ اپ ۔ جواب میں چیف کمرشل مینیجر نے بھی یو شٹ اپ کہہ دیا۔اشفاق خٹک نے کہا کہ حکومت نے جو دس نئی ٹرینیں چلائی ہیں ان میں صرف دو سے تین فی صد مسافر سفر کررہے ہیں ۔اس سے کس غریب کو فائدہ ہوگا ۔اشفاق خٹک نے بتایا کہ یہ 10ٹرینیں صرف نقصان کریں گی ، بہتر تھا کہ کراچی سے مال گاڑیاں چلاتے اور 50کروڑ کے انجن کو ایسی ٹرین پرلگائیں جو پیسے کمائے، ہفتے میں 9ہزار روپے کما کر دینے والی ٹرین کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ن لیگ کے ساتھ سیاسی وابستگی کے الزام کے حوالے سے انہوں نے کہا وہ ن لیگی رہنماء سعد رفیق کو پہلے نہیں جانتے تھے، اور ایک شفاف طریقہ انتخاب کے ذریعے مجھے اور ساری ٹیم کو منتخب کیا گیا تھا اور میرے ساتھ منتخب ہونے والے تمام افراد پوری طرح پیشہ ورانہ قابلیت کے حامل ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید اور چیف کمرشل مینیجر کے درمیان تکرار کا واقعہ اس وقت سامنے آیا تھا جب نئی حکومت کو آئے صرف 20دن ہوئے تھے۔