قونصلیٹ حملے کے بعد مضافاتی علاقوں میں آپریشن-46مشتبہ افراد گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر) چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد جاری پولیس آپریشن میں مضافاتی گوٹھوں سے 46مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، دیگرعلاقوں میں کارروائیوں کے دوران36 ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ، منشیات ودیگر مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چینی قونصلیٹ پر حملے کے بعد سے شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر، مشتبہ افراد اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی تلاش میں روزانہ کی بنیاد پرسرچ آپریشن جاری ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پولیس نے شاہ لطیف ، شرافی گوٹھ ، ملیر سٹی اور گلشن معمار کے علاقوں محمد گوٹھ ، گبول گوٹھ ، کوہی گوٹھ ، ولی محمد گوٹھ ، شفیع گوٹھ اور عبداللہ گوٹھ سمیت دیگر مقامات پر سرچ آپریشن کر کے35مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ 11ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جن میں شاہ لطیف میں 6ملزمان، شرافی گوٹھ میں ایک ملزم ، ملیر سٹی کے 4ملزمان شامل ہیں۔ ملزمان سے اسلحہ منشیات اور دیگر سامان بھی ملی ہیں۔ آرام باغ پولیس نے بھی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہو ئے 10مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ علاوہ ازیں قائد آباد پو لیس نے مختلف کارروائیوں میں8 منشیات فروشوں عثمان، امان، آفتاب علی، عمر فاروق، رئیس شاہ، عبدالمجید، شوکت اورعدنان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی، مبینہ ٹاؤن پولیس نے 2منشیات فروش حمید اور نور محمد کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ ابراہیم حیدری پولیس نے 3ملزمان شاہ نواز، عبدالباسط اور نعمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اورموٹر سائیکل برآمد کرلی۔ سچل پولیس نے ملزم شاہ رخ کو گرفتار کر کے اسلحہ اورموٹر سائیکل برآمد کرلی۔ سکھن پولیس نے اشتہاری ملزم شریف کو گرفتار کرلیا۔ سعو د آباد پولیس نے مفرور ملزم عارف کو گرفتار کرلیا۔ عوامی کالونی پولیس نے 2ملزمان نقیب اللہ اور فاروق کو گرفتار کر کے گٹکا برآمد کرلیا۔ بلال کالونی پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے 2مسروقہ موٹرسائیکلیں اور 3پستول برآمدکرلئے۔ لیاقت آباد پولیس نے4ملزمان یاسر، عثمان غنی، عمران اور عبدالحنان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔