معطل پی پی چیئرمین جامشورو کی بلدیاتی امور میں مداخلت
کوٹری (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین جامشورو ٹاؤن کمیٹی لالہ فیصل رحمن کو 2 ماہ قبل واٹر کمیشن سربراہ کی ہدایت پر سندھ حکومت نے معطل کردیا تھا اور ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفی کو ایڈ منسٹریٹر مقرر کیا گیا تھا ۔گزشتہ روز معطل چیئرمین لالہ فیصل رحمن نے اپنے حامی کونسلروں کے ہمراہ ٹاؤن آفس میں ڈیرہ جمالی اور بلدیاتی کاموں میں مداخلت شروع کرتے ہوئے ٹاؤن آفیسر اشوک کمار کو مختلف کاموں سے متعلق ہدایت دی جس پر انہوں نے انکے احکامات کو ماننے سے صاف انکار کردیا۔ اس سلسلے میں معطل چیئرمین نے میڈیا کو بتایا کہ کچھ ماہ سے کچھ معاملات کی وجہ سے وہ کام نہیں کررہے تھے تاہم ایڈمنسٹریٹو اختیارات اب بھی میرے پاس ہیں اور وہ کوئی بھی معطل نہیں کرسکتا ۔ دوسری جانب ڈی سی جامشورو فرید الدین مصطفی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ فیصل کو سندھ حکومت نے معطل کیا ہے اور وہ ابھی تک بحال نہیں ہوئے ہیں اور آفس میں بیٹھنے کےلئے مجھ سے اجازت مانگی تھی میں نے منع نہیں کیا البتہ اختیارات ہنوز میرے پاس ہیں اور ٹاؤن میں بلا امتیاز کام چل رہا ہے۔