گھروں کی مسماری کے نوٹس ملنے پرہزارہ کالونی کے مکین سراپا احتجاج

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہزارہ کالونی کے مکینوں نے گھروں کو مسمار کرنے کا نوٹس ملنے پربعد نماز جمعہ کالا پل پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، جبکہ مہران ٹاؤن کورنگی میں گذشتہ روز احتجاجی مظاہرین پر پولیس کارروائی کیخلاف مظاہرہ کیا ، تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کالا پل پر جمعہ کی نماز کے بعد ہزارہ کالونی کے رہائشی افراد سڑکوں پر نکل آئے اور سڑک عام ٹریفک کیلئے بند کردی جس کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، مظاہرین میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ برسوں سےکالونی میں رہائش پذیر ہیں ہمارے پاس کاغذات موجود ہیں اگر ہمارے گھروں کو مسمار کیا گیا تو ہم سڑکوں پر آجائینگے اور ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں کہ ہم گھر خرید سکیں ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا اور سڑک عام ٹریفک کیلئے کھول دی ایس ایچ او ڈیفنس ادریس بنگش نےامت کو بتایا کہ سپریم کور ٹ نے سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے ہزارہ کالونی مسمار کرنے کا حکم دیا ہے جس پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا تھا قبل ازیں کورنگی مہران ٹاؤن میں منگل کو ہونیوالے آپریشن کی مزاحمت پر پولیس نے لاٹھی چارج کر کے کئی افراد کو گرفتار کیا تھا جس کیخلاف گذشتہ روز احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم نے گھر خریدے تھے اور ہمارے پاس کاغذا ت بھی موجود ہیں اب ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں کہ کسی اور جگہ گھر خرید سکیں۔ جن لوگوں نے گھر فروخت کیے تھے ان کے خلاف کارروائی کی جائے جائے ہمارا کیا قصور ہے کے ڈی اے ہمارے گھروںکو مسمار کر رہی ہے احتجاج کریں تو پولیس تشدد کرتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More