پیٹرول-ڈیزل2،مٹی کا تیل3روپے لیٹر سستا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا ہے،جمعہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج تفصیل سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر بات کرنا چاہتا ہوں، ہم نے پیٹرولیم لیویز اور ٹیکس میں کمی کی، (ن) لیگ کے دور حکومت میں پیٹرول پر 15 فیصد ٹیکس تھا لیکن ہم نے مئی کے مہینے میں پیٹرول پر جی ایس ٹی 15 فیصد سے کم کرکے ساڑھے 4 فیصد کیا، ڈیزل پر لیویز ڈیوٹی 8 سے کم کرکے 6.51 روپے کی۔اسد عمر نے کہا کہ نئی حکومت آئی تو اگست کے آخر میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں لیکن اکتوبر میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تھا، اکتوبر میں جتنی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں، حکومت نے اس کے مقابلے میں آدھی قیمت بڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کا تعین اس وقت ہوتا ہے جب شپ پورٹ سے نکلتا ہے، نومبر میں پیٹرولیم پرائس انٹرنیشنل طور پر کم ہونا شروع ہوئی لہذا ہم نے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2،2 روپے فی لیٹر کمی کررہے ہیں جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کررہے ہیں۔اسد عمر نے مزید کہاکہ آگے بہتری کی گنجائش نظرآرہی ہے، ٹیکس میں ردو بدل کررہے ہیں لیکن صارف کو فائدہ دینا چاہتے ہیں۔