نئی اشتہاراتی پالیسی پر سی پی این ای سے مشاورت کا خیر مقدم
کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز نے وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے مجوزہ نئی اشتہاراتی پالیسی پر سی پی این ای سے مشاورت کا خیر مقدم کرتے ہوئے مجوزہ پالیسی میں اشتہارات کی جائز، منصفانہ، مساویانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ بنیادوں پر تقسیم ، اخبارات کی ایڈیٹوریل پالیسی کی بناء پر سزا یا انعام کے مقاصد کے لئے اشتہارات کی تقسیم کی ممانعت اور اخبارات کو براہ راست اشتہارات کے اجراء اور اس کے واجبات کی ادائیگی جیسے فیصلوں کو انتہائی قابل تحسین اور اخبار دوست اقدامات قراردیئے ہیں تاہم اشتہارات کی تقسیم میں شدید مرکزیت علاقائی اخبارات کے 25فیصد کوٹہ کے خاتمے اور چھوٹے اخبارات کو نظرانداز کئے جانے پر شدید تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔ سی پی این ای کی ایک پریس ریلیز کے مطابق عارف نظامی کی صدارت میں منعقدہ سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں مجوزہ اشتہاراتی پالیسی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مجوزہ پالیسی کے تعارف اور مقاصد پر مبنی مسودہ کے ابتدائی دو صفحات کو انتہائی قابل تحسین اور حوصلہ افزا قرار دیا گیا ہے۔ سی پی این ای نے غیر جانبدارانہ بنیادوں پر اشتہارات کو تقسیم کرنے اور اشتہارات کی امتیازی تقسیم کو آزادی اظہار کے خلاف قرار دینے کی خصوصی شق شامل کرنے پر مجوزہ پالیسی کی تعریف اور حمایت کی ہے۔ تاہم مقامی اور علاقائی اخبارات کے کوٹہ کے خاتمے اور چھوٹے اخبارات کو نظرانداز کرنے کو انتہائی نا پسندیدہ اور ناقابل قبول فیصلے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی اخبارات کا 25فیصد کوٹہ ختم کرنے اور میٹروپولیٹن شہروں سے شائع ہونے والے درمیانے اور چھوٹے اخبارات کو یکساں نظرانداز کرنے سے علاقائی، چھوٹے اخبارات ، صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو شدید نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اشتہارات میں مقامی اخبارات کا 25فیصد کوٹہ فوری طور پر بحال کیا جائے اور میٹروپولیٹن شہروں سے شائع ہونے والے درمیانے اور چھوٹے اخبارات کو بھی اشتہارات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔