تحفظ ناموس رسالت ؐ کا مشن جاری رہے گا-جے یو آئی س
ہنگو (نامہ نگار ) جمعیت علماء اسلام س خیبر پختون کے امیر اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید محمد یوسف شاہ نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق شہید کی شہادت پاکستان میں اسلامی انقلاب کی نوید ثابت ہوگی، پاکستان اور اسلام دشمن طاقتیں ان کے مشن اور نظریہ کو ختم نہیں کرسکتیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال ہنگو میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سرپرست اعلیٰ ضلع ہنگو کے عالم دین مولانا عبدالواحد نے کی۔ کانفرنس میں ضلع بھر کے تمام جماعتوں کے نمائندوں اور معززین نے شرکت کی، مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ پاکستانی قوم اس وقت بدترین سیاسی انتشار اور بحران کا شکار ہے،ایسے حالات میں جمعیت علمائے اسلام کے عہدیداروں اور کارکنوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اور یہ ذمہ داری اخلاص،تسلسل جدوجہد اور سیاسی حکمت عملی سے پوری کی جاسکتی ہے، انہوں نے کہاکہ جمعیت کی پالیسی واضح اور منزل متعین ہے، پاکستان میں اسلامی شریعت کا نفاذ اس کی منزل ہے اور اس کے بغیر نہ ملک مستحکم ہوسکتا ہے اور نہ قوم خوشحال ہوسکتی ہے مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ ہمارے کرپٹ حکمرانوں نے 70 برس میں لوٹ مار کے ذریعہ ملک وقوم کو دیوالیہ کردیا ہے ، اور عالمی برادری میں اس کا وقار انتہائی مجروح ہوچکا ہے،مولاناسیدیوسف شاہ نے کہاکہ شہید ناموس رسالت مولاناسمیع الحق شہید نے آسیہ ملعونہ کو انجام تک پہنچانے اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے جو تحریک شروع کی تھی اسی مشن کو ہم نے پورا کرکے دم لینا ہے، مولانا سمیع الحق کی شہادت سے ہمیں کوئی مائی کا لعل ان کے مشن اور نظریہ سے نہیں ہٹا سکتا، کانفرنس سے شیخ الحدیث حضرت مولانامفتی محمد سردار ،پی ٹی آئی تحصیل کونسل کے اپوزیشن لیڈر شمیم اقبال اہل سنت ولجماعت کے جنرل سیکٹری مفتی عمران ،مولانا رحمت اللہ زار اشاعت التوحید والسنہ ضلعی امیر مولانا عبدالوکیل، مسلم لیگ ن کے سید جمال میاں تجمل حسین و شیخ الحدیث مولانا علیم اللہ ،مولانا جمشید ،جمعیت علماء اسلام آل فاٹا کے امیر مولانا عبدالحئی حقانی ،مولانا عبدالسمیع عثمانی، عبدالرافع اوردیگر مقررین نےبھی خطاب کیا۔