اسلام آباد(امت نیوز) پاک چین مشترکہ بین الاقوامی فضائی مشق شاہین-VII کا آغاز ہوگیا، ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ مشقوں سے فضائی افواج کے درمیان تعاون کوفروغ حاصل ہوگا۔پاک چین مشترکہ مشق پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ایئربیس پر شروع کی گئی ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مشق میں شریک چینی فضائیہ (PLAAF) کا دستہ پائلٹس، ایئر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی عملے کے ساتھ فائٹر، بمبار اور اواکس طیاروں پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مشقوں سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے درمیان بالخصوص تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔پاک فضائیہ اپنی فضائی اور زمینی عملے کی آپریشنل تربیت کیلئے با قاعدگی سے اندرون اور بیرونِ ملک دوست ممالک کے ساتھ اس طرح کی مشقوں کا انعقاد کرتی ہے۔ ’’شاہین -VII ‘‘ چینی فضائیہ کے ساتھ ہونے والی فضائی مشقوں کے سلسلے کی ساتویں مشق ہے جو کہ ہر سال دونوں ملکوں میں باری باری منعقد ہوتی ہیں۔گزشتہ سال چین کے ایک آپریشنل ایئربیس پر منعقد ہونے والی شاہین VI مشقوں میں پاک فضائیہ کے دستے نے شمولیت کی تھی۔