زور پکڑتی افواہوں پر نائیجیریا کے صدر کو اپنے انتقال کی خود تردید کرنا پڑگئی
ابوجا(امت نیوز) نائیجرین صدر محمدو بوہاری نے اپنی موت کی افواہوں کی تردید کی ہے اورکہا ہے کہ اجلاس میں میری ڈمی نہیں بلکہ بذات خود موجود تھا۔ عالمی میڈیا کے مطابق نائیجیریا میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی، جب سوشل میڈیا پر 75 سالہ صدر کے انتقال کی خبریں گردش کرنے لگیں اور شہریوں نے ان پر یقین بھی کرلیا۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ صدر بوہاری کے رفقا اور وزرا نے صدر سے مشابہ شخص کو صدر بنا کر عوام کے سامنے پیش کرکے انتقال پر پردہ ڈالاہے۔ نائیجیریا میں فروری میں دوبارہ الیکشن کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔