کورنگی ٹاؤن شپ پر متحدہ و دیگر جماعتوں کے عسکری ونگز ہیں-پروٹیکشن کمیٹی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ ایجنسیز پروٹیکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری عمران نے انکشاف کیا ہے کہ مہران ٹاؤن کورنگی ٹاؤن شپ میں ایم کیو ایم، جئے سندھ، پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کرمنل عسکری ونگوں نے قبضے کے بعدچائنا کٹنگ کرکے پلاٹوں کو مختلف لوگوں کے ہاتھ بیچ دیا ہے۔ ان سیاسی عسکری ونگوں کی باقیات اب بھی موجود ہیں اور وہ اکثر اوقات اپنی طاقت کا مظاہرہ ہتھیاروں کی بنیاد پر کرتے رہتے ہیں اور پلاٹوں کے حقیقی وارثوں کو تشددکا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ کراچی پریس کلب میں نجیب اللہ، شہباز، جاوید اور زر محمد سمیت کمیٹی کے دیگر عہدیداران کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہران ٹاؤن کے پلاٹ قبضہ مافیا سے خالی کرائے جائیں اور اسٹیٹ ایجنسیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ مہران ٹاؤن میں پلاٹوں کی تعداد 10ہزار کے قریب ہیں، جن میں زیادہ تر اوورسیز پاکستانیوں کے ہیں۔