شوپیاں میں پیلٹ گن کے چھرے لگنے سےمتعدد کشمیری زخمی
لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے شوپیاں میں مظاہرہ کرنے والےنہتے کشمیریوں پر وحشیانہ تشدد کیا اور بدترین شیلنگ کرتے ہوئے پیلٹ گن کے چھرے برسائے گئے اور لاٹھی چارج کیا گیا جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوگئے ۔ قابض انتظامیہ نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی جبکہ ضلع کی جانب آنیوالی تمام سڑکیں بھی بلاک کر دی گئیں۔ادھر وادی کشمیر میں نام نہاد پنچایتی انتخابات والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر پاوا شیل بھی استعمال کئے گئے۔ مقامی کشمیریوں نے بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا ۔ شوپیاں میں کشمیری مظاہرین بھارتی فوج ،سی آر پی ایف اور سپیشل آپریشن گروپ کی جانب سے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں نہتے کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر ان کی املاک اور قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ کیخلاف احتجاج کر رہے تھے۔ بھارتی فوج نےضلع شوپیاں کے سنگرن امام صاحب علاقہ میں مقامی کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا ۔ بھارتی فورسز نے علاقہ میں ایک مکان کو بھی تباہ کرنے کی کوشش کی۔ بھارتی فوج شوپیاں میں تاحال بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ حریت قیادت کی کال پر وادی کشمیر میں نام نہاد پنچایتی انتخابات والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ گزشتہ روز بھی ووٹ ڈالنے کی شرح انتہائی کم رہی اور لوگ انتخابی عمل سے دور رہے۔ بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک نوجوان کی شہادت پر ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور میں مسلسل تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔