لکھنئو(امت نیوز)بھارتی جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم ایم) کے رہنما اسد الدین اویسی کا کہنا ہے کہ ’ بھارت میرے باپ (والد) کا ملک ہے، کوئی مجھے اسے چھوڑنے پر مجبور نہیں کرسکتا ‘۔ان کا یہ بیان اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ کے بیان کے رد عمل میں سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) تلنگانہ میں اقتدار میں آگئی تو اسد الدین
اویسی کو یہاں سے بھاگنا پڑے گا‘۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ نے انتخابات کے سلسلے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر بی جے پی تلنگانہ میں اقتدار میں آجاتی ہے تو میں اسد الدین اویسی کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں یہاں سے بھاگنا پڑے گا جس طرح نظام کو حیدرآباد سے بھاگنے پر مجبور کیا گیا تھا‘۔ اویسی نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ تاریخی حقائق سے لاعلم ہیں۔ ’ یوگی ادتیا ناتھ کی سوچ کے برعکس نظام میر عثمان علی خان حیدرآباد سے فرار نہیں ہوئے تھے، انہیں ’ راج پر امکھ‘ بنایا گیا تھا اور چین کے ساتھ حالتِ جنگ میں انہوں نے بھارت کو اپنا سونا دینے کی پیشکش کی تھی‘۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسی دھمکیوں اور پروپیگنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ۔ وزیراعلیٰ کو اپنے حلقے کی پروا کرنی چاہیے جہاں ہر سال ڈیڑھ سو بچے خطرناک انفیکشن کا شکار ہوکر مرجاتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یوگی ادتیا ناتھ کو اپنے عہدے کا خیال کرکے ایک وزیراعلیٰ کی طرح بات کرنی چاہیے‘۔اسد الدین کے چھوٹے بھائی نے ان کے بیان کی حمایت کی اور کہا کہ ’ ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں، ہماری ایک ہزار نسلیں یہاں رہیں گی۔
Prev Post