رضویہ سوسائٹی – الفلاح میں 2 دکاندار قتل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)رضویہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دکاندار ہلاک ہوگیا۔الفلاح سوسائٹی میں گھر سے تشدد زدہ لاش ملی۔مقتول کی شاہ فیصل میں دکان تھی۔قومی شاہراہ کے قریب کنویں سے بھی لاش برآمد ہوئی ہے۔بلدیہ میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق رضویہ سوسائٹی حیدری مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 50 سالہ شخص موقع پر ہلاک ہوگیا۔ایس ایچ او نواز بروہی نے بتایا کے مقتول کی شناخت کریم ولد محمد گل کے نام سے ہوئی جو بنارس کا رہائشی اور اس کی صدر میں کھلونے کی دکان تھی۔مقتول نے دو شادیاں کی ہوئی تھی مقتول کی پہلی بیوی باجوڑ میں ہے جبکہ دوسری بیوی اور بچوں کے ساتھ بنارس میں رہائش اختیار کی ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مقتول پر پانچ سے چھ گولیاں چلائی ہیں اور مقتول سے لوٹ مار نہیں کی ہے۔اتحاد ٹاؤن کے علاقے گلشن غازی بلاک 8 میں ڈکیتی مزاحمت پر 20 سالہ اسماعیل ولد راوی داد زخمی ہوگیا۔الفلاح تھانے کی حدود الفلاح سوسائٹی فٹبال گراؤنڈ کے قریب گھر سے 45 سالہ شخص کی لاش ملی، جس کی شناخت عبدالستار ولد محمد مزمل کے نام سے ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ مقتول کے جسم پر تشدد اور سر پر چوٹ کا نشان ہے، جبکہ اس کی بیوی اپنے میکے چلی گئی ہے۔پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت معلوم ہوگی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول کی شاہ فیصل کالونی میں چاول اور گرم مصالحہ کی ہول سیل کی دکان تھی۔مقتول کی اہلیہ کے بیان کے بعد ہی واقعہ کی اصل وجہ معلوم ہوگی۔شاہ لطیف کے علاقے نیشنل ہائی وے سے متصل حاجی نور محمد گوٹھ میں کنویں سے 25 روز پرانی 30 سالہ شخص کی لاش ملی۔پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی۔