واجبات سے محروم ریٹائر اسٹیل مل ملازمین کی تعداد 5 ہزار ہو گئ

0

کراچی (رپورٹ: ایس ایم انوار) پاکستان اسٹیل مل میں واجبات سے محروم ریٹائر ملازمین کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہوگئی ۔ ان میں بڑی تعداد افسران کی ہے ۔ ادارے میں ہر ماہ 50 سے 55 ملازمین ریٹائر ہورہے ہیں ، جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔ رواں ماہ دسمبر میں قائم مقام سی ای او اسٹیل مل نصرت اسلام بٹ سمیت 15 مختلف ڈپارٹمنٹس کے 27 ڈپٹی منیجر 7، اسسٹنٹ منیجر اور 2 جونیئر آفیسر ریٹائر ہورہے ہیں۔ ان افسران میں پرویز احمد عباسی، محمد زبیر قریشی، محمد طارق محمود، عابد حسین، شفیق احمد مزاری، محمد الیاس، اظہر علی، امین الرحمان، محمد رمضان، الطاف حسین، اللہ بخش، محمد عقیل مزاری، عبدالکریم، نصیر احمد، ارشاد کفیل، محمد اسماعیل، مجیب الرحمان، شاہد پرویز قریشی، محمد یونس، افتخار حسین، انور عزیز فاروقی، محمد فرخ احمد، محمد زبیر فاروقی، خورشید انور، عزیز احمد زبیری، انور سعید خان، عبدالبشیر خان، اسسٹنٹ منیجر محمد مصدق، اظہرالدین صدیقی، رفیق احمد، رؤف احمد، سلیم الدین، جنت حسین، الل بخش، جونیئر آفیسر اعجاز اختر اور سید یوسف رضا زیدی شامل ہیں۔ جبکہ سال 2018 کے اختتام تک کل 1100 ملازمین ریٹائر ہونگے۔ واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل مل میں مئی 2013 سے ریٹائر ملازمین کو ان کے واجبات ادا نہیں کئے جارہے ۔ اس عرصے کے ساڑھے 4 ہزار ملازمین اپنی گریجویٹی پراویڈنٹ فنڈز اور لیو انکیشمنٹ کی رقم جو کہ 15 ارب بنتی ہے سے تاحال محروم ہیں ، تاہم نئے اعداد و شمار کے مطابق اب ریٹائر ملازمین کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہوگئی ہے ، جبکہ واجبات کی رقم بھی 16 ارب ہوچکی ہے ۔ملازمین کے مطابق کمپنیز آرڈیننس 1984 سیکشن 199-198 کے تحت پاکستان اسٹیل مل کارپوریشن رجسٹرڈ ہوئی جس کے مطابق حکومت پاکستان اسٹیل مل کی 100 فیصد ملکیت رکھتی ہے۔ جس کے تحت اس کی قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کے قانونی واجبات کی بروقت ادائیگی کا بندوبست کرے۔ واضح رہے کہ سیکڑوں ریٹائر ملازمین اپنے قانونی واجبات کیلئے اعلیٰ عدالتوں کے بھی دھکے کھارہے ہیں ، جبکہ 500 سے زائد اپنے واجبات ملنے کے انتظار میں اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں۔ گزشتہ ماہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ان ہی مرحوم ملازمین کی بیواؤں اور لواحقین کیلئے ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی تھی ، جبکہ اسٹیل مل کوآپریشنل بنانے کا اعلان بھی کیا گیا تھا ، تاہم نہ تو بیواؤں کو واجبات کی رقم ملی اور نہ ہی اسٹیل مل کوآپریشنل بنانے کے کوئی قابل ذکر اقدامات سامنے آئے ہیں ۔ واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل مل ملازمین کی موجودہ تعداد 10347 ہے ، ان میں 2984 آفیسر اور 7363 ورکرز ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More