ٹنڈو الہٰ یار(نمائندہ امت) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے عمران خان کے جیل جانے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ہمارے کیسز آگے بھیجے گا تو آنے والا اسکے کیس آگے بھیجے گا آنے والا وزیر اعظم عمران خان کو بھی جیل کا راستہ دکھائے گا، دیکھنا یہ ہے عمران خان جیل جاسکتے ہیں اور وہ کتنے دن جیل میں برداشت کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر پی پی کو چیئرمین آصف زرداری نے ٹنڈوالہٰ یار کے علاقے گوٹھ دریاخان مری میں اپنے نجی دورے کے دوران غلام قادر مری ہاؤس پر گفتگو میں کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرغی خریدیں اور اس کے انڈے بیچ کر دیکھیں کتنی خوشحالی آتی ہے، ہم نے پہلے ہی کہا تھا یہ ملک نہیں سنبھال سکتے، ملک کے حالات گمبھیر ہیں، کٹھ پتلیاں ملک کے حالات سنبھال نہیں سکتیں، ملکی معاملات کو چلانے کے لیے ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جسے زمینی حقائق کا پتا ہو۔انہوں نے کہا کہ قومی حکومت بننے یا قبل از وقت الیکشن کی پیشگوئی نہیں کرسکتا البتہ یہ ضرور سمجھتا ہوں کہ ان سے ملک نہیں چلتا۔ عمران خان جو کچھ کررہے ہیں ڈھکے چھپے نہیں، کہہ کر کررہے ہیں، وہ کہتے ہیں ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دوں گا، تو بسم اللہ، ہم میں جیل جانے کا صبر اور برداشت ہے،کیا عمران خان جیل جاسکتے ہیں اور کتنے دن برداشت کرسکتے ہیں، جیسی کرنی ہے ویسی بھرنی بھی ہوگی، جو ہمیں جیل بھیجے گا پھر تو آنے والے اسے بھی بھیجیں گے کیا وہ برداشت کرلیں گے؟انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے احتساب عدالت اور قانون مخالفین کیے ب بنائے تھے جو خود ان کے گلے پڑگئے، وہ آج خود احتساب عدالت میں کھڑے ہیں۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ مجھے موجودہ حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نظر نہیں آتی، ان کی تو ایک ہی پالیسی ہے گورنر ہاؤس کی دیوار گرانا، پرانی دیوار آخر کیوں توڑی جارہی ہے، گورنر ہاؤس میں میوزیم یا لائبریری، جو بھی بنائیں دیوار کی ضرورت تو ہوگی۔