سفارت کاروں کو کراچی میں نقل و حرکت سے آگاہ رکھنے کا مشورہ
کراچی (رپورٹ:نواز بھٹو)سندھ حکومت نے غیر ملکی سفارت کاروں کی جانب سے شہر میں سیکورٹی کلیئرنس لئے بغیر ہی قونصل خانوں کے قیام اور سفارت کاروں کیلئےمرضی کے مقام پر رہائش گاہ حاصل کرنے کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔صوبائی حکومت نے غیر ملکی قونصل خانوں کی سیکورٹی کی واضح پالیسی نہ ہونے و معیار کے تعین کیلئے وزارت خارجہ سے رابطہ کرلیا ہے ۔حکومت سندھ نےاعلیٰ سطح کے اجلاس میں شہر میں قائم تمام قونصل خانوں کے حکام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی نقل و حرکت سے متعلق فارینرز سیکورٹی یونٹ کوباخبر رکھیں۔چینی حکام کا کہنا ہے کہ قونصلیٹ پر حملے سے پاک چین دوستی متاثر ہوگی نہ سی پیک پر فرق پڑے گا۔چین سی پیک و دیگر منصوبوں و سفارتی عملےو چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں ۔اجلاس میں شریک تمام ممالک کے سفارتکاروں نےفراہم کردہ فول پروف سیکورٹی پر اطمنان کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں غیر ملکی قونصل خانوں کی سیکورٹی کے معیار، واضح پالیسی نہ ہونے پر سندھ حکومت پریشان ہے۔سیکورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سفارتکار سیکورٹی کلیئرنس لئے بغیر ہی مرضی کے مقام پر بنگلے کرائے پر لے کر قونصل خانے قائم کر لیتےہیں۔ سیکورٹی اداروں کے خدشات اورچینی قونصل خانے پر حملے کے بعد کی صورتحال کے پیش نظر محکمہ داخلہ سندھ نے وزارت خارجہ کو تفصیلی مکتوب ارسال کیا ہے ،جس میں قونصل خانوں کی سیکورٹی کا معیار و واضح پالیسی کے تعین کے علاوہ غیر ملکی قونصل خانوں کے قیام ،سفارتی عملے کی نقل و حرکت کے قواعد مرتب کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پرسیکریٹری داخلہ قاضی قاضی کبیر کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔جس میں36میں سے10 ممالک امریکہ،جنوبی کوریا، برطانیہ،سعودی عرب، اٹلی، بنگلا دیش، چین،متحدہ عرب امارات، جاپان و ملائیشیا کےقونصل خانوں کے علاوہ پولیس ،رینجرز، خفیہ اداروں اوروزارت خارجہ کے کراچی کیمپ آفس کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چینی قونصل خانے پر دہشت گردانہ حملے کے بعد کی صورتحال،کی گئی تفتیش و فول پروف سیکورٹی کے حوالے سے پولیس و خفیہ اداروں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ چینی قونصل خانے پر حملے کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے اور حملے کے تمام سہولت کار دھر لئے گئے ہیں۔ادارے حملے کے ماسٹر مائنڈ کے بہت قریب ہیں۔سیکریٹری داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت قونصل خانوں کو یکساں و فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کی ذمہ داری بخوبی نبھا رہی ہے۔’’ امت‘‘ کے رابطے پر سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر کا کہنا تھاکہ قونصل خانوں کی سیکورٹی بہتر کی جا رہی ہے۔ فول پروف سیکورٹی کیلئے حکومت سندھ کی پالیسی یکساں ہے۔سیکورٹی کیلئے تمام قونصل خانوں کا سروے کیا گیا ہے۔ فارن سیکورٹی یونٹ اور اسپیشل سیکورٹی یونٹ تعینات کئے گئے ہیں ۔ رینجرز کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ وزارت خارجہ کو لیٹر ارسال کیا گیا ہے ،لیکن غیر ملکی قونصل خانوں کی سیکورٹی کا معیار متعین کرنے کے مکتوب کا اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔