اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 22 سالہ فلسطینی شہید
مقبوضہ بیت المقدس(امت نیوز)مغربی کنارے کے علاقے طولکرم میں اسرائیلی فوج نے جھڑپ کے دوران فائرنگ کر کے منگل کو 22سالہ فلسطینی نوجوان کو سرمیں گولی مار کر شہید کر دیا۔ اسرائیلی فوج قصبہ طولکرم میں گھر گھر تلاشی لے رہی تھی کہ فلسطینیوں نے جمع ہو کراس پر پتھراؤ کیا تھا۔ ادھر اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کی جانب سےکھودی گئی سرنگیں تلاش کرنے اور انہیں تباہ کرنے کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔قصبہ میتولا کو فوجی علاقہ قرار دیا جا چکا ہے ۔عالمی میڈیا کے مطابق سرنگوں کی تباہی کے نتیجے میں حزب اللہ سے جنگ کا خطرہ ہے ۔یہ سرنگیں حزب اللہ کی جانب سے 2012 کے منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد میدان جنگ کو اسرائیل کے اندر منتقل کرنا ہے ۔2013 میں سرنگوں کی تباہی کی رپورٹس ملی تھیں لیکن ان کے مقام کی نشاندہی نہ ہوسکی تھی ۔انہوں نے سرنگوں کی کھدائی کا ذمہ دار لبنانی حکومت کو قرار دیا ہے ۔قبل ازیں برسلز میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ انہوں نے صہیونی ریاست کے شمال (لبنان) کی جانب سے ایران اور اس کے بھائی بندوں کی جارحیت کے معاملے پر بات چیت کی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیتن یاہو کی حکومت ایک ووٹ کی اکثریت سے برقرار ہے تاہم نیتن یاہو حکومت کی مقبولیت انتہائی گر چکی ہے ۔