شیریں جناح کالونی سے موبائل واٹس ایپ پر منشیات کی سپلائی

0

کراچی(نمائندہ خصوصی)شیریں جناح کالونی عرصہ دراز سے منشیات فروشوں کی آمجگاہ بنا ہوا ہے۔افغانستان اور قبائلی علاقوں سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کنٹینرز اور بسوں کے ذریعے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کراچی لائی اور یہیں سے کنٹینرز اور بسوں کے خفیہ خانوں میں ڈمپ کر کے مختلف علاقوں میں پہنچائی جاتی ہے۔بوٹ بیسن تھانے اور اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کی سرپرستی میں شیریں جناح کالونی میں یومیہ لاکھوں روپے مالیت کی چرس ،گردہ،افیون،کچی شراب اور شراب وٹس ایپ اور موبائل فون پر فروخت کی جارہی ہے۔منشیات فروشوں کو بوٹ بیسن تھانے کے بیٹر کی مکمل سرپرستی حاصل ہے جو ہفتہ وار لاکھوں روپے رشوت لیکر منشیات فروشوں کو تحفظ دے رہا ہے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی شیریں جناح کالونی میں بلال عرف بلالوں نامی منشیات فروش اپنے درجن سے زائد کارندوں کے ذریعے شہر بھر میں موبائل فون اور وٹس ایپ کے ذریعے یومیہ لاکھوں روپے مالیت کی چرس گاہکوں کو سپلائی کر رہا ہے۔بلال کے کارندے شیریں جناح کالونی میں موجود پارک کے اردگرد چرس کی سپلائی دیتے ہیں اور دن بھر منشیات کی خریداری کے لئے پارک کے پاس لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔شہر میں موجود بیشتر منشیات فروش بھی بلال عرف بلالوں کی منشیات سستے داموں خریدنے کے بعد اپنے اپنے علاقوں میں لے جا کر فروخت کرتے ہیں۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کو بوٹ بیسن پولیس نے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔پولیس صرف منشیات خریدنے آنے والوں کو پکڑ کر مال بٹورنے میں مصروف عمل ہے۔بلال 16 ہزار روپے پاؤ اور 4 ہزار روپے چھٹانک کے حساب سے چرس فروخت کر رہا ہے۔یومیہ لاکھوں روپے کی منشیات فروخت کر رہا ہے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کا ایک بہت بڑا نیٹ ورک شیریں جناح میں موجود ہے، جو کروڑوں روپے مالیت کی منشیات افغانستان، قبائلی علاقوں اور دیگر جگہوں سے منگوا کر شہر بھر میں سپلائی کر رہا ہے۔کچھ عرصہ قبل تک شیریں جناح کالونی میں نصف درجن سے زائد منشیات کے اڈے چلائے جارہے تھے، تاہم کراچی آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام منشیات کے اڈے ختم کردیئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اول خان،مومن خان لکڑیوں کے ٹال اور شیریں جناح کالونی میں ریل گاڑی کی پٹریوں پر منشیات فروخت کی جاتی تھی، تاہم اب تمام منشیات فروش اپنے کارندوں کے ذریعے فون اور وٹس ایپ پر منشیات فروخت کر رہے ہیں۔منشیات فروش گاہک کا فون آنے پر اسے شیریں جناح میں کسی بھی جگہ بلا کر سپلائی دے دی جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں موجود منشیات کے عادی افراد شیریں جناح میں موجود بلال عرف بلالوں کے ٹھکانوں کا رخ کرتے ہیں۔اس وقت بھی بلال عرف بلالوں کے پاس بھاری مقدار میں منشیات موجود ہے جو مختلف ڈیروں میں ڈمپ کر کے رکھی ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے آئی ہوئی منشیات کو ان ڈیروں پرالگ کرکے خالص مال خاص خریداروں جبکہ کچرے کو لوکل خریداروں کو فروخت کیا جاتا ہے، جسے افغانی منشیات کا کچرا کہتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More