وفاق المدارس کی پیغام مدارس آگاہی مہم آخری مراحل میں داخل
اسلام آباد(امت نیوز) وفاق المدارس کی پیغام مدارس آگاہی مہم آخری مرحلے میں داخل،وفاقی دارالحکومت میں عظیم الشان پیغام مدارس کانفرنس ہوگی،ہزاروں کی تعداد میں علماء و طلبہ اور ائمہ و خطبا شرکت کریں گے،کانفرنس کے بعد قائدین وفاق المدارس آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے فیصلے کے مطابق ملک بھر کے تمام اضلاع میں پیغام مدارس کانفرنسوں کا سلسلہ جاری ہے اور ملک بھر میں بڑے اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں اس سلسلے کا اہم اجتماع کل بروز جمعرات دن دس بجے جامعہ قاسمیہ ایف سیون فور اسلام آباد میں ہوگا، اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں علماء و طلبہ اور ائمہ و خطبا شرکت کریں گے،اجتماع سے جنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا قاضی عبدالرشید،مولانا ظہور احمد علوی،مولانا نذیر فاروقی،مولانا عبدالکریم،مولانا عبدالغفار،مولانا پیر عزیز الرحمن ہزاروی،مولانا عبدالقدوس محمدی،مولانا فیض الرحمن عثمانی،مولانا مفتی عبدالسلام اور دیگر خطاب کریں گے،پروگرام کے اختتام پر قائدین وفاق المدارس پریس کانفرنس کریں گے جس میں موجودہ ملکی صورتحال، مدارس ایشوز،حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اعلانات کئے جائیں گے۔