متا ثرین شمالی وزیرستان کیلئے 52کروڑجاری کرنے کا اعلان
بنوں (نمائندہ امت ) فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ آتھارٹی نے شمالی وزیرستان کے متا ثرین کیلئے نقد مالی امداد کی مد میں تین ماہ کی اقساط تقریباً 52کروڑ روپے ایک ساتھ ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں ہر ایک رجسٹرڈ خاندان کو 12ہزار ماہوار کے حساب سے 36ہزار روپے بذریعہ سم کارڈ دیئے جا ئیں گے ایف ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل سہیل خان نے بتا یا کہ قبائلی علاقوں کے ہمارے بے گھر بھا ئیوں کی مشکلات اور مسائل بہت زیادہ ہیں اور ہمیں بخوبی احساس بھی ہے اس لئے ہم نے اپنے ہی فنڈ سے انہیں مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا تاکہ موسم سرما کیلئے وہ اپنی ضروریات پوری کر سکے ہمارا کام متا ثرین کو سہولیات کی فراہمی ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹھوس اور جامع منصوبہ بندی کرنا ہے اس لئے متا ثرین کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جا ئے گا سہیل خان نے واضح الفاظ میں بتا یا کہ ایف ڈی ایم اے کو متاثرین کی داد رسی میں اتنی تیزی دکھانی چاہئے کہ ان کی آہ لگنے سے پہلے ہم ان کے مسائل حل کریں ۔