پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین کے بانی چوہدری محمد افضل انتقال کرگئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین سی بی اے کے بانی و چیئرمین چوہدری محمد افضل گزشتہ روز اپنے آبائی شہر سیالکوٹ میں انتقال کرگئے۔ان کی نماز جنازہ آج بروز جمعرات بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔چوہدری محمد افضل علالت کے باعث اپنے آبائی شہر میں زیر علاج تھے۔ مرحوم نے 1983 میں اسکلڈ ورکر کی حیثیت سے اسٹیل ملز میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ شروع دن سے ہی مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔2013 میں انہوں نے انصاف لیبر یونین رجسٹرڈ کرائی تھی۔ مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ آج صبح 8 بجے شفٹ گیٹ نمبر 3 گرائونڈ میں ادا کی جائے گی، جب کہ بعد نماز ظہر سی بی اے آفس میں قرآن خوانی ہوگی۔ دریں اثنا انصاف لیبر یونین کے رہنمائوں نے مرحوم کی ملازمین کے حقوق کی جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی مغفرت و پسماندگان کے صبر جمیل کے لیے دعا کی ہے ۔