این ٹی ایس پاس ساڑھے 14ہزار اساتذہ مستقل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے این ٹی ایس ٹیسٹ پاس ساڑھے 14 ہزار اساتذہ کو مستقل کردیا۔وزیر تعلیم کو محکمہ تعلیم کے اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 2012 کے این ٹی ایس پاس پی ایس ٹی، جے ایس ٹی اور ایچ ایس ٹی اساتذہ کے تمام ریکارڈ کی تصدیق کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد وزیر تعلیم نے اساتذہ کی مستقلی کے احکامات دیے اور حکم دیا کہ تمام تصدیق شدہ ریکارڈ ہولڈرز اساتذہ کا جمعے تک ریگولرائزیشن نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے۔اجلاس میں سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز، ایڈیشنل سیکریٹری علیم لاشاری و دیگر شریک تھے۔سیکرٹری قاضی شاہد نے بتایا کہ پورے صوبے سے این ٹی ایس پاس 14 ہزار 682 اساتذہ کا ریکارڈ موصول ہوا، جن کے کاغذات کی مکمل چھان بین کے بعد 11 ہزار 780 اساتذہ کے ریکارڈ کی تصدیق کی گئی ہے۔ان میں حیدرآباد کے 2650, کراچی کے 1341، لاڑکانہ کے 2327، میرپورخاص کے 2052,، شہید بینظیرآباد کے 1464 اور سکھر ریجن کے 1946 اساتذہ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2902 اساتذہ کا ریکارڈ نامکمل تھا۔وزیر تعلیم نے نامکمل ریکارڈ بھیجنے پر مختلف اضلاع کے ڈائریکٹرز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطلوبہ ڈیٹا 2 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سیکریٹری تعلیم نے بتایا کہ تصدیق شدہ 7689 پرائمری، 3755 جے ایس ٹی اور 336 ایچ ایس ٹیز کے آرڈر جمعے تک نکالے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے 2008 میں سندھ یونیورسٹی اور اس کے بعد اقراء یونیورسٹی کے ٹیسٹ پاس اساتذہ کی مستقلی کے معاملے میں درپیش مسائل بھی فوری طور حل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے غیر حاضر رہنے والے ڈائریکٹر میرپورخاص کو ہٹانے کا حکم دے دیا۔