فرنس آئل کی درآمد بند -ایل پی جی قیمت برقرار

0

اسلام آباد(نمائندہ امت) وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وفاق حکومت نے درآمدی بل میں اضافے پر قابو پانے کے لیے فرنس آئل کی درآمد بند کر دی ہے ، جبکہ ایل پی جی کو عام شہری کا ایندھن قرار دیتے ہوئے اس کی قیمت میں کمی برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے بروز بدھ کیبنٹ کمیٹی برائے توانائی کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایل پی جی غریب آدمی کا ایندھن ہے اور ہمیں عام صارف کو ریلیف دینا چاہیے، اس لیے کیبنٹ کمیٹی نے طے کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں کمی برقرار رکھی جائے گی۔یہ بھی طے پایا کہ فرنس آئل کی درآمد بند کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئل ریفائنریز کے مسائل بھی سنے ہیں اور فی الحال طے پایا ہے کہ آئل ریفائنریز اپنی پوری استعداد کےساتھ کام کریں گی۔ 3ماہ کی سٹوریج کے لیے پاور سیکٹر بھی ریفائنریز کی مدد کرے گا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ آئل ریفائنریز کو اپنے آپ کو اپ گریڈ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے بابر ندیم کی زیر صدارت آئل ریفائنریز کے مسائل کے حل کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے جو اگلے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ آئل ریفائنریز کو اپنی برآمدات کے لیے راہیں تلاش کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے اور یہ بھی طے پایا کہ پاور پلانٹس کا میرٹ آرڈر تبدیل نہیں کیا جائے گا تاکہ صارف کو سستی اور اچھی بجلی فراہم کی جا سکے۔پاور ڈویژن کی مانگ اور ایس این جی پی ایل کی فراہمی کے لئے ایک ایس او پی بھی بنایا جائے گا جو کہ کیبنٹ کمیٹی برائے توانائی میں ہی پیش کیا جائے گا اور اس کمیٹی کے حتمی فیصلے کے بعد ایس او پی کی توثیق وفاقی کابینہ سے کرائی جائیں گی۔اس اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر پاور عمر ایوب خان، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی خسروبختیار، وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس و انڈسٹریز عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More