خرم شیر زمان کو میئرکیخلاف بیان بازی سے روک دیا گیا ۔ٹی وی دعوی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک نجی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت نے خرم شیر زمان کو میئر کراچی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا، کراچی سے رکن سندھ اسمبلی کو باور کرایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم اتحادی جماعت ہے۔اس کیخلاف سوچ سمجھ کر بولا جائے۔ ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جس سے اختلافات پیدا ہوں۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے میئر کراچی وسیم اختر کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایم کیوایم تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مؤقف واضح کرے، وزیرا عظم سے بھی اس معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔جس پر دونوں رہنماؤں میں لفظی جنگ چھڑ گئی۔ میئر کراچی وسیم اختر نے پی ٹی آئی رہنما کو مونٹیسوری میں پڑھنے والا بچہ قرار دیا۔خرم شیرزمان نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب یہ نابالغ ہی آپ کو بتائیں گے کہ شہر کیسے چلے گا۔انہوں نے دعوی کیا کہ آئندہ کراچی کا میئر بھی پاکستان تحریکِ انصاف سے ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے میڈیا میں زری گردش خبروں کا سخت نوٹس لیا اور خرم شیر زمان کو مزید بیان بازی سے روک دیا ۔