بیرون ملک بھجوانے کی آڑ میں کروڑوں اینٹھنےوالا نوسرباز گرفتار
کراچی (رپورٹ :خالدزمان تنولی) شہریوں کو سرکاری نوکری و بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دیکر کروڑوں اینٹھنے والا نوسر باز قائد آباد سے پکڑا گیا، ملزم کیخلاف راولپنڈی اور خیبر پختون میں دھوکہ دہی کے متعدد مقامات درج ہیں۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کو خفیہ اطلاع ملی کہ خیبر پختون میں کروڑوں کا فراڈ کرنیوالا انتہائی مطلوب نوسر باز قائد آباد میں روپوش ہے، جس پر قائد آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالعزیز ولد عبدالحفیظ کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او قائدآباد معراج انوار نے امت کو بتایا کہ جعلساز ملزم پنجاب اور کے پی کے کئی سادہ لوح افراد کو سرکاری نوکری و بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دیکر کروڑوں بٹور چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں ایس ایس پی ملیر آفس سے ایک درخواست موصول ہوئی تھی کہ بین الصوبائی فراڈیا قائد آباد میں روپوش ہے اور شہریوں کو جھانسے دیکر رقم بٹور رہا ہے، جس پر پولیس نے بلال کالونی میں کارروائی کرکے ملزم کو دھر لیا۔ ملزم نے اعترافی بیان میں بتایا ہے کہ اس نے کراچی میں عبدالوارث اور اسکے دیگر دوستوں سے 15 لاکھ روپے قطر اور بحرین بھجوانے کے نام پر وصول کئے تھے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک مسروقہ ڈبل کیبن گاڑی نمبر پی اے ایف۔ 879 بھی تحویل میں لی گئی ہے، اور اس کا کرائم ڈیٹا دیگر صوبوں کی پولیس سے لیا جا رہا ہے، ملزم کیخلاف قائد آباد تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔