یونائیٹڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی الیکشن جیتنے کیلئے پر امید

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ۔حنیف گوہر الیکشن سیل کے چیف کوآرڈینیٹر مقرر کردیئے گئے ۔الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ،یوبی جی کے پیٹرن ان چیف ایس ایم منیر اور معروف کاروباری شخصیت خالد تواب نے بھی شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن ان چیف ایس ایم منیر نے ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر محمد حنیف گوہر کو یو بی جی الیکشن سیل کا چیف کو آرڈینیٹر مقرر کر نے کا اعلان کیا ۔الیکشن سیل کے افتتاح کے لیئے منعقدہ تقریب میں وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت (ایف پی سی سی آئی)کے 28دسمبر 2018کو ہونے والے انتخابات کے لئے انجینئر حاجی داور خان کو یو بی جی کاصدر ،ڈاکٹر مرزا اختیا ر بیگ کو سینئر نائب صدر جبکہ نائب صدور کے لئے 11امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ،صدارتی امیدوار کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا گیا کہ انجینئر داور خان اچکزئی ،داور خان اینڈ ٹریڈنگ کمپنی کے پرو پرائیٹر اور در آمدات برآمدات کے شعبے سے وابستہ ہیں۔داور خان معاشی اور تجارتی تجزیہ کار کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں اور پیچیدہ تجارتی ،فنانس ،سماجی ،سرما یہ کاری اور صنعتی معاملات میں قابل ذکر سوجھ بوجھ رکھتے ہیں ،اس کے علاوہ داور خان ایک معروف بین الا اقوامی تجارتی ماہر ،ممتاز تاجر اور دہائیوں سے صنعت وتجارت سے وابستہ ہیں۔ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ جن کو یو بی جی نے سینئر نائب صدر کے لئے نامزد کیا ہے ،ان سے متعلق بتایا گیا کہ وہ گزشتہ 25 سال سے فیڈریشن سے منسلک ہیں۔انہوں نے مارکیٹنگ میں ماسٹرز اور بزنس کی ڈگری امریکہ سے حاصل کی ہے۔ ان کی انتھک کاوشوں سے یورپی یونین نے پاکستان کو جی پلس کا درجہ دیا ،جس کے تحت پاکستان کو یورپی یونین ڈیوٹی فری اشیاایکسپورٹ کرنے کی سہولت ملی ۔وہ 7کتابوں کے مصنف ہیں اور معاشی امور پر ملک کے معروف اخبار میں 800سے زائد کالم لکھ چکے ہیں ۔ملکی معیشت کے لئے ان کی گراں قدر خدمات کے صلے میں صدر پاکستان نے انہیں اعلیٰ سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا ہے ۔تقریب سے خطاب میں ایس ایم منیر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کے لئے نامزد نائب صدور پاکستان کی ممتاز کاروباری شخصیات اور یوبی جی کے متحرک ممبرز ہیں ،جن میں عبدالرئوف مختار،حاجی افتخار احمد،اسماعیل ستار ،محمد اعجاز عباسی ،وقار محمود خان ،شیریں ارشد خان ،قربان علی،عبدالوحید ،محمد ارشد جمال ،محمد نقی باری اور نور احمد خان شامل ہیں۔یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار ملک نے ایف پی سی سی آئی الیکشن 2019کے لئے شاہراہ فیصل کراچی پر واقع محمد حنیف گوہر کے دفتر کو ایف پی سی سی آئی الیکشن کے لئے یو بی جی کا مرکزی الیکشن آفس بنانے کا اعلان کیا ۔افتتاحی تقریب میں یو بی جی کے عہدیداران ،ایف پی سی سی آئی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواران اور یوبی جی کے سپورٹرز تاجروںکی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر یوبی جی کے اقتدار میں آنے کے بعد ایف پی سی سی آئی کی گزشتہ چار برسوں کی کارکردگی پیش کی گئی ،جس میں ایف پی سی سی آئی کی جانب سے پاکستا ن چائنا ایف ٹی اے،ایس ایم ایز پالیسی بنانا ،پانی کی کمی پر گول میز کانفرنس کا انعقاد،معاشی ایجنڈے پر بحث کے لئے سیاسی قائدین کو مدعو کرنا ،شنگھائی تنظیم برائے کاروباری کونسل میں رکنیت حاصل کرنا،ایف پی سی سی آئی وفد کی کامن ویلتھ کاروباری فورم میں شرکت اور دیگر کارہائے نمایاں کا ذکر کیا گیا ہے،اس موقع پر الیکشن سیل یوبی جی کے چیف کو آرڈٰنیٹر محمد حنیف گوہر نے کہاکہ چیئرمین افتخار ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی ولولہ انگیز اور مدبرانہ قیادت میں ہم نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ایم منیر کی جانب سے یو بی جی کے نامزد امیدوار پڑھے لکھے ،تجربہ کار محنتی اور پر خلو ص ہیں ،جنہیں تاجر برادری کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔انہوں نے بھرپور اعتماد کے ساتھ کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے 28دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے بھرپور اعتماد کی بدولت ؤنائیٹڈ بزنس گروپ ایک بار پھر میدان مارے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یو بی جی گزشہ کئی برسوں سے پاکستا ن کی معاشی ترقی اور بزنس کمیونٹی کی فلاح اور بہبود کے لئے کوشاں ہے ۔حنیف گوہر نے کہا کہ یو بی جی سے پہلے ایف پی سی سی آئی میں اقربا پروری اور کرپشن اور ذاتی مفاد کی سیاست عروج پر تھی۔ شاہانہ اخراجات کے باعث خزانہ خالی ہوگیا تھا ۔یو بی جی کے نامزد صدور نے اپنے ادوار میں اچیومنٹ ایوارڈ منعقد کروائے ،جس سے ایف پی سی سی آئی کو کروڑوں روپے کی آمدن ہوئی ۔حنیف گوہر نے پاکستا ن کی تاجر برادری سے اپیل کی کہ ایف پی سی سی آئی میں مزید بہتری،ملکی معیشت کی ترقی اور تاجر برادری کے محفوظ مستقبل کی خاطر نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More