چین پر امریکہ کا بڑا تجارتی حملہ – ہواوے چیف کی بیٹی گرفتار

0

اوٹاوا/بیجنگ (امت نیوز) کینیڈین حکام نے اسمارٹ فون بنانے والی دنیا کی دوسری بڑی ٹیلی کام کمپنی ’’ہواوے‘‘ کے بانی رین شینگ کی بیٹی وسی ایف او مینگ وین زو کو گرفتار کرلیا۔ امریکی شہہ پر کئے گئے انتہائی اقدام سے چین پر بڑے تجارتی حملے کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں امریکہ اور جاپان سمیت دیگر ملکوں کی اسٹاک مارکیٹیں گرنا شروع ہوگئی ہیں، امریکی اسٹاک مارکیٹ 500پوائنٹ جبکہ جاپان کی مارکیٹ 2فیصد گر گئی ہے،بیجنگ نے اپنے شہری کی گرفتاری پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وین زو کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ’’ہواوے‘‘ کی چیف فنانشل آفیسر مینگ وین زو کو کینیڈا کےشہر وینکوور سے حراست میں لیا گیا ہے، جنہیں امریکہ کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران پر سخت پابندیوں کے باوجود چینی ٹیلی کام کمپنی’’ ہواوے’’ ایران کو نیٹ ورکنگ کا سامان فروخت کرتی رہی ہے، جس کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔ دوسری جانب کئی یورپی طاقتیں بھی الزام لگاتی رہی ہیں کہ چین اسمارٹ فونز کے ذریعے ان کے ملکوں میں جاسوسی کر رہا ہے۔ کینیڈا میں موجود چینی سفارت کار نے ’’ہواوے‘‘ کی سی ایف او ی گرفتار پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مینگ وین زو نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، کینیڈا اپنی غلطی کا ازالہ کرے اور انہیں فی الفور رہا کرے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ وین زو کی گرفتاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، امریکہ اور کینیڈا چینی شہری کی گرفتاری پروضاحت پیش کریں۔ دوسری جانب کینیڈین وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ وین زو ‘‘ہواوے’’ کمپنی کے بانی کی بیٹی اور انتظامی امور کی کمیٹی کی رکن ہیں، جنہیں آج جمعے کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سماعت میں مینگ کی گرفتاری کو باقی رکھنے یا رہا کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مینگ وین زو کی گرفتاری حساس نوعیت کا معاملہ ہے، جس کے باعث کینیڈین حکام نے مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی جانب سے مینگ کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے ،تاکہ اس پر نیو یارک میں مقدمہ چلا سکیں۔چینی کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ اور کینیڈا مینگ وین زو کے کیس میں منصفانہ کارروائی کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More