اصفہانی روڈ پر چھجہ گرنے سے بہن – بھائی جاں بحق
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ابوالحسن اصفہانی روڈ پر اپارٹمنٹ کا چھجہ نیچے گرنے کے باعث ملبے تلے دب کر 2 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقعے اے ون اپارٹمنٹ میں گلی میں کھیلنے والے کمسن بہن بھائی چوتھی منزل سے گرنے والے چھجے کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔علاقہ مکینوں نے لاشوں کو ملبے سے نکال کر عباسی اسپتال پہنچایا۔اہلخانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے۔سچل پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیوں کی شناخت 6 سالہ زنیرہ دختر فیاض اور 10 سالہ مصعب ولد فیاض کے نام سے ہوئی ہے۔متوفیوں کے والد کا کہنا ہے کہ واقعہ کے وقت وہ گھر پر نہیں تھے۔ہمارا فلیٹ پہلی منزل پر ہے ، جبکہ ملبہ چوتھی منزل سے گرا تھا، جس کے باعث دونوں بچے جاں بحق ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ چوتھی منزل پر غیر قانونی طور پر کمرا بنایا گیا ہے۔چھجہ اور ملبہ وہیں سے گرا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان کے 3 بیٹے اور ایک بیٹی تھی۔دونوں بچے گلشن اقبال موتی محل کے قریب واقع اسپیشل بچوں کے اسکول میں زیر تعلیم تھے۔واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائے ۔