کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اور سندھ حکومتوں نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواستیں دائر کر دیں۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ ’عدالت 27 اکتوبر کو دیئے گئے حکم پر نظرثانی کرے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے پہلے وقت دیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا کہ ’عدالتی حکم کی تعمیل کے باعث فوری طور پر آپریشن شروع ہونے سے انسانی المیہ پیدا ہو رہا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ’آپریشن کے متاثرین کو متبادل جگہ دینا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں سندھ حکومت دیگر فریقین کے ساتھ مل کر منصوبہ بنانا چاہتی ہے۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے بھی سپریم کورٹ میں کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کی ہے۔ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کے ترجمان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں تجاوزات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے جگہ اور وقت دیئے جانے کی استدعا کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گورنر سندھ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں کراچی کے شہریوں کی پریشانیوں اور تحفظات سے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائر کی گئی۔