غربی – وسطی میں آپریشن – 70 دکانیں مسمار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر بھر میں انسداد تجاوزات آپریشن تسلسل سے جاری ہے۔ جمعے کو بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ اینٹی انکروچمنٹ نے ضلع جنوبی میں ایم اے جناح روڈ پر لائٹ ہاؤس تا ٹاور فٹ پاتھوں پر رکھا گیا سامان ضبط کرنے کے علاوہ اپنی حدود سے تجاوز کرنیوالی دکانوں کو صاف کردیا ، جبکہ کھوڑی گارڈن میں بھی فٹ پاتھوں پر کھڑے پتھارے ضبط کرلئے۔ ادھر ضلع غربی کے علاقے بڑا بورڈ ، پاک کالونی میں بھی کارروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھوں و شاہراہوں پر نصب کئی پتھارے اور ٹھیلے ہٹا دیئے گئے جبکہ فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کردیا گیا۔ ضلع وسطی میں نارتھ کراچی، پاور ہاؤس، باڑا مارکیٹ، 5000 روڈ اور سیکٹر 5-B کے اطراف کارروائی کے دوران فٹ پاتھوں پر کئی تجاوزات مسمار کردی گئیں جبکہ ضلع وسطی ہی میں سندھی ہوٹل کے مقام پر تقریباً 70 غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئیں جو فٹ پاتھوں پر بنائی گئی تھیں۔ میٹروپولٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان نے ‘‘امت ’’کو بتایا کہ عدالتی احکامات پر آپریشن مسلسل جاری ہے، اب تک شہر کے مختلف مقامات پر بے شمار تجاوزات جبکہ بے شمار فٹ پاتھیں ، باغات اور نالوں پر غیر قانونی تعمیرات کو صاف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کاروباری افراد سے کہا کہ وہ فٹ پاتھوں پر کسی بھی طرح کے تجاوزات قائم نہ کریں اور نہ ہی دکانوں کو اپنی حدود سے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھوں پر کئی تاجروں نے دکانوں کے اشتہاری بورڈ آویزاں کر رکھے ہیں، جس سے راہ گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے، لہٰذا تاجر حضرات انہیں خود ہی ہٹا دیں ۔ دوسری صورت میں کارروائی ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More