متحدہ دھڑوں میں اختلاف سے فائدہ اٹھانے کیلئے الطاف گروپ سر گرم

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ دھڑوں میں اختلاف سے فائدہ اٹھانے کیلئے الطاف گروپ سرگرم ہوگیا۔ذرائع کے مطابق متحدہ لندن نے 12 سیکٹروں میں سرگرمیاں شروع کردی ہیں ،جبکہ غدارالطاف حسین کی ہدایت پر متحدہ دہشت گرد واٹر بورڈ ،کے ایم سی ،ٹاؤن او ریوسیز سے رابطے کرنے لگے ہیں ۔ سیکورٹی اور تحقیقاتی ادارے متحدہ لندن گروپ کے روپوش، ضمانتوں پر رہا دہشت گردوں کو تلاش کررہے ہیں اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔ ایک ماہ کے دوران لندن گروپ کے 13 خطرناک ٹارگٹ کلرز پکڑے جاچکے ہیں۔ جن سے دوران تفتیش اسلحہ کی برآمدگی کے علاوہ نئے سیٹ اپ اور سرگرمیوں کے حوالے سے معلومات حاصل کرکے کارروائیاں جارہی ہیں۔ جبکہ عزیز آباد میں کل ایم کیو ایم کے جلسے کے دوران ممکنہ گڑ بڑ کے خدشہ ہے ۔جس کے پیش نظر سیکورٹی پلان تیار کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق غدار وطن الطاف حسین کی سوشل میڈیا پر دی گئی ہدایت پر لند ن گروپ کے دہشت گرد وں نے پی آئی بی اور بہادر آباد گروپ ، پی ایس پی اور دیگر پارٹیوں میں شامل ہوکر شیلٹر لینے والوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔بہادر آباد اور پی آئی بی گروپس کی خراب صورتحال سے فائدہ اٹھانے کیلئے لندن گروپ سرگرم ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی کے 12 سیکٹرز فیڈرل بی ایریا، کورنگی، لانڈھی، سوسائٹی، اورنگی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال ، لیاقت آباد، بلدیہ، گلبہار، ناظم آباد، گلستان جوہر اور معمار سیکٹر میں متحدہ لندن کی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔ 9 دسمبر قریب آ تے ہی کے ایم سی، واٹر بورڈ، یوسی اور ٹاؤن دفاتر میں رابطے ہونے لگے ہیں جبکہ اس بار ظاہری طور پر چاکنگ کرنے، پوسٹرز، بینیرز لگانے سے گریز کیا جارہا ہے۔ راتوں کو علاقوں میں لندن گروپ کے ضمانتوں پر رہا ہونے والے دہشت گرد لوگوں کو اکسا رہے ہیں کہ متحدہ کا وجود ختم ہورہا ہے ۔ بہادرآباد اور پی آئی بی دھڑے والے اس کا نام مٹادیں گے۔ پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور دیگر جماعتیں اردو بولنے والوں کو کوئی سہولت فراہم نہیں کریں گی۔ دوسری جانب لندن گروپ کی کراچی میں سرگرمیوں پر سیکورٹی ادارے متحرک ہوچکے ہیں ۔متحدہ پاکستان کے دونوں دھڑوں میں شامل بعض رہنماؤں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ جو غدار وطن الطاف حسین کا پیغام پھیلا رہے ہیں اور رابطوں میں ہیں۔ سیکورٹی اداروں کو تحقیقاتی اداروں نے آگاہ کیا ہے کہ کل عزیز آباد جلسے میں گڑبڑ کا خدشہ ہے ۔ ایک جانب عزیز آباد میں لندن ٹولے کے دہشت گرد آکر گڑبڑ کرسکتے ہیں۔ یا شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کی جگہ پر جہاں خراب صورتحال ہوتی ہے۔ وہاں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More