پنجاب میں شدید دھندکے دوران حادثات سے 10جاں بحق
اسلام آباد؍لاہور(خبر ایجنسیاں-مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں شدید دھندکے دوران شیخوپورہ ، ساہیوال، فیصل آباد اور دریا خان میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں تین خواتین سمیت 10افراد جاں بحق جبکہ22زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شیخوپورہ میں سرگودھا روڈ پر خانقاہ ڈوگراں سے فاروق آباد جانے والے رکشے کو مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر نے ٹکر مار دی۔ حادثہ کے نتیجہ میں رکشہ میں سوار میاں بیوی سمیت چار افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں اور زخمی شخص کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا۔ ساہیوال کے قریب چیچہ وطنی میں بائی پاس پرانے سی کوچ اور آئل ٹینکر میں تصادم سے 2 خواتین سمیت3 افراد جاں بحق اور18 مسافر زخمی ہو گئے ،جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دی گیا ہے۔جبکہ اوکاڑہ میں نیشنل ہائی وے 50/2 ایل اوکاڑہ بای پاس کے قریب دو کاروں کے درمیان تصادم سے22 سالہ عبد النبی جاں بحق اور2افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد کے چک نمبر257رب کا رہائشی 30سالہ نوجوان عثمان امین سمندری جا رہا تھا کہ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ چک نمبر269رب کے قریب مین سمندری روڈ پر اس کو گدھا گاڑی نے ٹکر مار دی اور ریڑھی کا بمب لگنے سے نوجوان موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔دریا خان میں دو بھائی سجاد حسین اور وقاص موٹرسائیکل پر سکول جا رہے تھے کہ صبح کے وقت شدید دھند کے باعث ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں15سالہ سجاد حسین موقع پر دم تور گیا جبکہ 17سالہ وقاص کو شدید زخمی ہونے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔ ادھر ملک کے بیشتر حصوں میں دھند نے ڈیرے ڈال لئے، قومی شاہراہوں پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہی، لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ سے مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ اور گرد و نواح میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے کل سے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی نوید سنا دی ، بارشوں کا سلسلہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں دھند کی چادر نے ہر منظر دھندلا دیا۔ لاہور اور اس کے مضافات میں ہر چیز دھند میں لپٹی نظر آئی، لاہور دیپالپور روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔قومی شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم رہی۔ ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی اور کسوال میں بھی حد نگاہ100میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور سے پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ تک موٹروے بند رہی، چونیاں منچن آباد، قصور اور گرد و نواح میں بھی حد نگاہ صفر رہی ۔دھندکے باعث اسلام آباد۔ لاہور موٹروے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ۔ اسی طرح فیصل آباد سے گوجرہ تک بھی دھند کے باعث موٹروے کو بند کیا گیا۔ لاہورسے پنڈی بھٹیاں ، فیصل آباد اور گوجرہ موٹر وے بھی بند رہی ۔ موٹروے پولیس ترجمان کا کہنا ہے شہری دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو لاہور اسلام آباد جی ٹی روڈ کے روٹ پر سفر کا مشورہ دیا ہے۔