ایوان صدرعوام کیلئےکھل گیا-10ہزارافرادکادورہ
اسلام آباد (خبرایجنسیاں)ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری عمارتوں تک عوامی رسائی کے بے مثال اقدام کے تحت ہفتہ کو ایوان صدر کے دروازے عوام الناس کے لئے کھول دیئے گئے۔10 ہزار افراد نے دورہ کیا مردو خواتین، بچے ،بڑے اورنوجوان ایوان صدر کے سر سبز لانز اور عمارت کے مختلف حصوں میں گھومتے پھرتے دکھائی دیئے۔ صدر نے خاتون اول ثمینہ علوی کے ہمراہ لوگوں کا خیر مقدم کیا اور گھل مل گئے اور سیلفیاں بنوائیں اور میڈیا کو بتایا کہ میں کسی کامخالف نہیں عوام اورحکومت کےدرمیان فاصلےکم کرناچاہتےہیں صدر ہاؤس سے متصل پارک کو بھی عوام الناس کے لئے کھولا جائے گا اور سیاحوں کے لئے نوادرات کو نمائش کے لئے رکھا جائے گا۔صدر بچوں کو تھپکیاں بھی دیتے دکھائی دیئے۔صدر نے کہا کہ صبح سے تقریبا 8 سے 10 ہزار افراد نے ایوان صدر کا دورہ کیا ہے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے پر ان کے شکر گزار ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایوان صدر تعلیمی اداروں کے مطالعاتی دوروں کے لئے کھلا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی علامت کے طور پر وہ کسی کے خلاف نہیں ہیں۔انھوں نے اس تاثر کو بھی زائل کر دیا کہ ایوان صدر کے دروازے کھولنے کا اقدام ملک کو درپیش چیلنجز سے عوامی توجہ ہٹانے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔سیکیورٹی عملہ کو قومی شناختی کارڈ دکھا کرصبح 9بجے سے شام 4بجے تک سیاحوں کو داخلے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہاہے کہ ہماری دعوت پر ایوان صدرآنے والے لوگوں کاخیرمقدم کرتا ہوں، تاریخی نوعیت کی اشیاء اوردستاویزات کوبھی ایوان صدر میں عوام کیلئے رکھنا چاہتے ہیں شہریوں نے آج نظم وضبط کا مظاہرہ کیاہے، صدر نے کہاکہ کوشش ہے کہ مہینے میں دومرتبہ ایوان صدر کو عوام کیلئے کھولا جائے، ہم انتظامات کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں ، ایوان صدر کے برابر ایک پارک ہے ، کوشش کریں گے اسےمستقل طور پر عوام کیلئے کھول دیا جائے ، اس ضمن میں سی ڈی اے کیساتھ بات چیت کرینگے تاکہ ہفتہ میں5 یا6 دن پارک عوام کیلئے کھلا رہے۔صدرمملکت نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ یہاں آنیوالے لوگ سارے ایریا میں گھو م سکیں، ایوان صدر میں وہ تاریخی ہال بھی ہے جہاں صدر ، وزرائے اعظم ، وزراء، چیف جسٹس اورآئینی اداروں کے سربراہان حلف اٹھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو تاریخی عمارات ،اشیاء اوردستاویزات دیکھنی چاہئیے۔ کوشش کریں گے کہ آئین پاکستان کی دستاویز کو بھی یہاں عوام کیلئے رکھا جائے ،اسی طرح کراچی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اورقائدملت لیاقت علی خان کی اشیاء کویہاں عوام کیلئے رکھنے کےضمن میں اقدامات کئے جائیں گے۔یہاں پانی کا مسئلہ پیش آیا تھا تاہم اسے فوری حل کرلیاگیا،آئند انتظامات کوبہترسےبہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ یہاں عوام کیلئے سہولیات ہونی چاہئے مطالعاتی دوروں کیلئے ایوان صدرکےدروازے کھلے ہیں۔اانہوں نے کہاکہ شہریوں کی جانب سے موبائل فون ایوان صدرنہ لانےکی شکایت کےحوالے سے اقدامات کئے جائینگے ، میں عوام کیلئے انتظامات کر نے پر ایوان صدر کے عملے کے تعاون کا بھی مشکورہوں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بزرگ شہریوں کیلئے الیکٹر ک کارکا بندوبست کیا جائیگا۔