کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول اسپتا ل کراچی بڑے حادثے سے بچ گیا، سلنڈر میں آتشزدگی کے واقعے سے اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عملے کی حاضر دماغی سے وارڈز بروقت خالی کرالئے گئے۔ فائر بریگیڈ کی بر وقت کارروائی کے باعث گیس سلنڈر پھٹ نہ سکا۔ سلنڈر پھٹنے سے بڑی تباہی پھیل سکتی تھی۔ تفصیلات کےمطابق ہفتےکےروز 11بجے کے قریب نجی تجارتی ادارے (ایل جی) لکی گو لڈ اسٹار کے کچن میں رکھےہوئےسلنڈر میں اچا نک آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلے بھڑ کنے لگے۔اسپتال کے سپر وائزر محمدحسین نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلا ع دےکرقریبی وارڈز کے مریضوں کو ہنگامی بنیادوں پرمحفوظ مقام پر منتقل کیا۔ اس دوران فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کے ذریعے سلنڈر کو پھٹنے سے بچالیا اور اطراف میں لگی آگ پر بھی قابو پالیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر صابر میمن نے آتشزدگی کی تحقیقات کاحکم دیتے ہوئے بر وقت کارروائی پر سپر وائزر محمدحسین اور اسپتال عملے کو شاباشی دی اورکہا کہ عملے کی فرض شناسی نے اسپتال کو بڑے حادثے سے بچالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، تفتیش میں کسی کی غفلت سامنے آئی تو ذمہ داروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔