سی پی این ای واجبات کی براہ راست ادائیگی نہ ہونے کیخلاف کل مظاہرہ کریگی

0

کراچی(پ ر) کونسل آف پاکستان نیوز پیپرایڈیٹرز (سی پی این ای) نے اخباری اداروں کوواجبات کی براہ راست ادائیگیاں نہ کرنے کےسندھ حکومت کے فیصلے کے خلاف کل( منگل) بھرپور مظاہرے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں اخبارات کے ایڈیٹر اپنے صحافیوں اور کارکنوں سمیت بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ احتجاجی مظاہرے کا فیصلہ سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک کی زیر صدارت کراچی میں ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کو بخوبی ادراک ہے کہ قبل ازیں بھی نادہندہ اور نیب زدہ اشتہاراتی ایجنسیوں نے اخباری اداروں کے اربوں روپے حکومت سندھ سے وصول کرنے کے باوجود ادا نہیں کئے جس سے اخباری ادارے اب تک مالی بحران میں مبتلا ہیں۔ یہ امر قابل تشویش ہے کہ ماضی کے تلخ تجربے کے باوجود حکومت سندھ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر2 ارب روپے سے زائد رقم براہ راست اخبارات کو ادائیگی کے بجائے نیب زدہ اشتہاراتی ایجنسیوں کے ذریعے دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ خدشہ ہے کہ نادہندہ اور نیب زدہ اشتہاراتی ایجنسیاں ماضی کی طرح اخبارات کو ادائیگیاں ہرگز نہیں کریں گی جس کے نتیجے میں اخباری اداروں کے اربوں روپے ڈوبنے کا خدشہ ہے اور اخباری ادارے مزید مالی بحران کا شکار ہو جائیں گے۔ سی پی این ای نے حکومت سندھ کو یاد دلایا کہ سرکاری طور پرسندھ حکومت کے مختلف نمائندگا ن نے ماضی میں سی پی این ای کو مختلف مرحلوں پر اشتہاراتی ایجنسیوں کی بجائے اخبارات کو براہ راست واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی تھی مگر نجانے کیوں ایک بار پھر اخباری اداروں کے بقایا جات کی خطیر رقم نیب زدہ اشتہاراتی ایجنسیوں کو دیئے جانے والے ہیں۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اخباری اداروں کے واجبات کی اشتہاراتی ایجنسیوں کی بجائے پیر تک براہ راست ادائیگیوں کی یقین دہانی کرائی جائے ورنہ کل (منگل )کو سی پی این ای بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ اجلاس میں ڈاکٹر جبار خٹک ، طاہر نجمی ، عامر محمود حامد حسین عابدی ، غلام نبی چانڈیو ، مقصود یوسفی عبدالرحمان منگریو ، مظفر اعجاز ۔ فقیر منٹھار منگریو ، میاں طارق جاوید ، محمد طاہر سعید خاور ، اعجازالحق ، عدنان ملک ، جاوید مہر شمسی ۔ سلمان قریشی ، عارف بلوچ ، عبدالخالق علی ۔ مدثر عالم ، سارنگ لطیف ، عثمان عارب ساٹی ۔ شیر محمد کھاوڑ ۔ بشیر احمد میمن ، کاشیف میمن ، رفیق احمد پیرزادہ ، محمد تقی علوی ، ممتاز علی ، طارق عزیز، عاصم عقیل ، عامر خٹک ۔فدا حسین ، ناصر ناز ، زاہدہ عباسی ) اور حسینہ جتوئی ودیگر اراکین نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More