ٹیکسٹائل ملز ۔سائیکل گودام میں آتشزدگی سے لاکھوں کا سامان خاکستر

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیکسٹائل مل اور سائیکل کے گودام میں آتشزدگی کے واقعات میں لاکھوں روپے کا سامان خاکستر ہوگیا، دونوں جگہوں پر آتشزدگی تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈر طلب کرلیے گئے، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔تعطیل کے باعث خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا میں ولیکا چورنگی کے قریب سائیکل کے گودام میں آگ لگ گئی جس کے باعث علاقے میں دھوئیں کے بادل چھاگئے ۔آگ کی شدت کئی کلومیٹر دور تک محسوس اور دیکھی گئی ، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ابتدائی طور پر چار گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں لیکن آگ کی شدت دیکھتے ہوئے اسے تیسرے درجے کی قرار دیا گیا اور شہر بھر سے فائر ٹینڈر طلب کرلیے گئے ، حکام کے مطابق جائے وقوعہ کے برابر میں کیمیکل کا گودام تھا جس میں بڑے بڑے ڈرم میں کیمیکل بھرا ہوا تھا ، دوسری جانب گتے کا گودام تھا ، فائر فائٹرز نے ٹھوس حکمت عملی کے ذریعے آگ کو دیگر گوداموں تک پہنچنے سے روکا اور اس پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھیں آتشزدگی کے باعث واٹر بورڈ سے بھی مدد طلب کی گئی اور واٹر ٹینکر و باؤزر کے ذریعے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی جبکہ مجموعی طور پر 11 فائر ٹینڈرز ۔ باؤزر ، اسنارکل اور 20 سے زائد ٹینکرز نے امدادی کاموں میں حصہ لیا ، تقریباً 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔دوسری جانب نیو کراچی سیکٹر 6 بی کے قریب اشرف ٹیکسٹائل ملز میں اتوار کی صبح پونے سات بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی اطلاع ملنے پر پولیس ،رینجرز ،امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی 2گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں ،تاہم دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خوفناک شکل اختیار کرلی اور تین منزلہ فیکٹری کو مکمل لپیٹ میں لے لیا جس پر فائر بریگیڈنے آگ کو تیسر ے درجے کی قرار د ےکر شہر بھر سے گاڑیاں طلب کرلیں ۔جس پر فائر بریگیڈ کی 10گاڑیاں ، باؤذر،اسنارکل موقع پر پہنچیں جبکہ پاک بحریہ سے بھی مدد لی گئی انکی جانب سے دو فائر ٹینڈرنے آگ بجھانے میں حصہ لیا جبکہ واٹر بورڈ حکام نے تمام ہائیڈرنٹ پر ایمر جنسی نافذ کرتے ہو ئے ہزاروں گیلن سے بھرے متعدد ٹینکر بھی جائے وقوعہ پر بھیج دیئے ،ڈپٹی چیف فائر آفیسر امتیاز افضل کے مطابق آگ پہلی منزل پر لگی تھی جس نے 3منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور فیکٹری میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا دیگر سامان اور مشینیں خاکستر ہو گئیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More