تجاوزات گرانے والوں میں ہمت ہے تو بلاول ہاؤس میں کارروائی کریں۔تحریک انصاف
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ تجاوزات گرانے والوں میں ہمت ہے تو پہلے بلاول ہاؤس میں کارروائی کریں۔گزشتہ روز عمران خان کی کراچی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عدالتی حکم کی آڑ میں غریبوں کیساتھ ظلم ہورہا ہے، اس ہی لئے ہم نے عدالت میں اپیل کی ہے کہ آپریشن روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی اور شہری حکومت کو تجاوزات گرانے کا اتنا ہی شوق ہے تو پہلے کلفٹن کی بڑی دیواریں گرائی جائیں،پہلے کارروائی بڑے لوگوں کے خلاف شروع کی جائے پھر نچلے طبقے پر آیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی کراچی آمد پر بہت اہم اور خوش آئند فیصلے ہوئے ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ تجاوزات گرانے والوں میں ہمت ہے تو پہلے بلاول ہاؤس کی دیورایں گرائیں،وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن پر اس بار چھوٹی نہیں بلکہ بڑی بندوق لے کر جاؤں گا اور پرائیوٹ بلڈوزر کے ذریعے غیر قانونی طور پر تعمیر بلاول ہاؤس کی دیواریں گراؤں گا۔ وفاقی وزیر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آئینی دائرہ کار میں رہ کرکام کریں گے، گورنر ہاؤس کو سیاست زدہ نہیں ہونا چاہیے، اگر ہوا تو سارا ماحول خراب ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کیخلاف کارروائیاں ان علاقوں میں ہورہی ہیں، جہاں تحریک انصاف کے ووٹرز ہیں۔