ملکی ترقی میں خواتین کا کردار مزید اجاگر ہورہا ہے-گورنر سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ ملکی ترقی میں خواتین کا کردار مزید اجاگر ہورہا ہے۔ بڑی تعداد میں طالبات نے گولڈ میڈل حاصل کئے جو اس کا واضح ثبوت ہے کہ خواتین ہر شعبے میں آگے آرہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقرا یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ مضبوط اقوام نامساعد حالات کے باوجود ترقی کے راستے نہیں چھوڑتیں بلکہ ترقی کا سفر جاری رکھتی ہیں۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہورہی ہے کہ اقرا یونیورسٹی اعلیٰ تعلیمی ادارہ بن کر ابھرا ہے جہاں نوجوانوں کو تعلیم کے جدید اور بہترین مواقع فراہم کئے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ مالی استعداد رکھنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔ اس ضمن میں جنید لاکھانی کی تعلیم کے فروغ کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان قوم کی ترقی کے خواہاں ہیں۔ ان کی جدوجہد نئی نسل کے لئے ایک مثال ہے۔گورنر سندھ نے کہاہے کہ سماجی بہبود اور معاشی ترقی میں تعلیم کا کلیدی کردار ہے۔ جدید خطوط سے آراستہ تعلیم وقت کی ضرورت ہے۔ تحقیق کے بڑھتے ہوئے رحجان نے اعلیٰ تعلیم کی افادیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ رجسٹرار اقرا یونیورسٹی نے کہاکہ ادارے میں تحقیق پر مبنی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، تاکہ طلبہ عصر حاضر کے مطابق عملی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔ آخر میں گورنر سندھ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں میڈلز تقسیم کئے کانوووکیشن میں800طلبہ وطالبات کو اسناد تفویض کی گئیں۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انسانی حقوق کے تحفظ سے ہی ملک حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ اپنے پیغام میں گورنر سندھ نے کہاکہ نوجوانوں، خواتین اور بچوں کو تحفظ، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولتیں پہنچانے کیلئے تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی کوآگے آنے کی ضرورت ہے۔گورنر سندھ نے کہاکہ بچے اور خواتین معاشرے کے کمزور طبقات ہیں۔ دریں اثنا ایس ایم پبلک اسکول کیمپس نے نمبر 5کی طالبات نے گورنر ہائوس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنربھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسکول طالبات نے اپنی جانب سے چیف جسٹس، وزیر اعظم ڈیم فنڈ میں1لاکھ 72ہزار روپے کا چیک گورنر سندھ کو پیش کیا۔