امت رپورٹ
بھارت میں جاری ورلڈکپ ہاکی میں پاکستانی ٹیم اب تک کوئی بھی میچ جیت نہیں سکی۔ ملائیشیا سے ایک میچ برابر ہونے کے باعث ہالینڈ سے پانچ گول کھا کر بھی گرین شرٹس ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ اسے کوارٹر فائنل میں رسائی کیلئے بلجیم کو ہر صورت زیرکرنا ہوگا۔ ادھر بدترین شکستوں کے باوجود قومی ٹیم کے سیر سپاٹے جاری ہیں۔ گزشتہ روز پاکستانی ہائی کمیشن نے بھی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو دعوت دے ڈالی۔ دوسری جانب سابق اولمپینز کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔ اولپمینز کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھارتی سرزمین پر چار ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ موجودہ ٹیم کی جانب سے ناقص کارکردگی کے سبب پاکستانی ٹیم کا بھارت میں ٹریک ریکارڈ متاثر ہوگیا ہے۔ دریں اثنا تجربہ کار پلیئر ارسلان قادر کو ڈو اینڈ ڈائی میچ کیلئے ٹیم میں طلب کرلیا گیا ہے۔
انٹر نیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں رواں ورلڈ کپ میں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ٹیموں کے درمیان زبردست جنگ جاری ہے۔ گزشتہ روز لیگ میچز اختتام پذیر ہو گئے۔ پاکستانی ٹیم کو کوارٹر فائنل تک رسائی کیلئے آج منگل کو بلجیم سے مقابلے کا چیلنج درپیش ہے۔ رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن، آسٹریلیا، میزبان بھارت اور جرمنی نے شاندار کھیل کی بدولت براہ راست کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جبکہ پاکستان سمیت انگلینڈ، نیوزی لینڈ، فرانس، چین، بلجیم، ہالینڈ اور کینیڈا کو کوارٹر فائنل تک رسائی کیلئے دوسرے راؤنڈ میں فتوحات درکار ہوں گی۔ دوسرے راؤنڈ کے آخری دو میچ آج منگل کو شیڈول ہیں۔ جس کے پہلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ بلجیم سے ہو گا۔ جبکہ دوسرے میچ میں ہالینڈ کا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا۔ قومی کھلاڑی ارسلان قادر نے ہاکی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ تجربہ کار پلیئر آج بلیجم کے خلاف شیڈول ڈو اینڈ ڈائی میچ کے دوران ایکشن میں ہوں گے۔ تجربہ کار فارورڈ ارسلان قادر نے قومی ہاکی کپتان رضوان سینئر کی جگہ ٹیم کو بھارت میں جوائن کیا ہے۔ ملائیشیا کے خلاف میچ کے دوران قومی کپتان رضوان سینئر پاؤں کی انگلی زخمی ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے تھے۔ جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے ہنگامی بنیادوں پر ارسلان قادر کو بھارت طلب کیا۔ ذرائع کے مطابق ارسلان قادر نے بھارت پہنچ کر نہ صرف ٹیم میٹنگ میں حصہ لیا، بلکہ کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ بھی کی۔ ارسلان قادر کا تعلق ڈی جی خان سے ہے اور ان کے حقیقی بھائی فیصل قادر پہلے ہی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ادھر سابق ہاکی اولمپیئن حنیف خان نے سوال کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت میں کر کیا رہی ہے؟ قومی کپتان ورلڈ کپ سے باہر ہو چکا ہے۔ ٹیم کے کھلاڑی اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے بھارتی گانوں پر رقص و سرود کی محفلوں میں مصروف ہیں۔ ہلا گلا اس وقت اچھا لگتا ہے جب ٹیم کی گراو¿نڈ کے اندر بھی پرفارمنس غیر معمولی ہو اور وہ کوئی ہدف حاصل کرچکی ہو۔ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں جرمنی کے ہاتھوں شکست سے دو چار ہو چکی ہے۔ ملائیشیا کے خلاف بھی بڑی مشکل سے میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو سکی۔ اب ساری کسر ڈچ ٹیم نے پانچ گول کرکے نکال لی ہے۔ حنیف خان کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے ایونٹ کی صورت حال ایسی ہے کہ مایوس کن کارکردگی کے باوجود گرین شرٹس ابھی تک ورلڈ کپ کی ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہے۔ ادھر ورلڈ کپ ہاکی فارمیٹ کے مطابق ہر گروپ کی فاتح ٹیم کوارٹرفائنل میں جگہ بنائے گی۔ جبکہ ہر گروپ کی دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیمیں دوسرے راؤنڈ میں کھیلیں گی۔ جہاں سے چار کوارٹرفائنل میں پہلے سے موجود چار ٹیموں کے ساتھ شامل ہو جائیں گی۔ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے گروپ ”ڈی“ میں شامل ہے۔ اس میں جرمنی اپنے پول میں ٹاپ کرنے کے بعد کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکا ہے۔ دوسری جانب بھارت میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں پُروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ گزشتہ روز بھونیشور کے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں ہونے والی اس تقریب میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان سمیت تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز تو قیر ڈار، حسن سردار، اصلاح الدین صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ”کوئی بھی بڑا چیمپئن ہو، پروا نہیں۔ آپ چیمپئنز کے چیمپئن ہیں۔ آپ سب پلیئرز کی خوش قسمتی ہے کہ آپ حسن سردار اور توقیر ڈار جیسے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں“۔ انہوں نے کہا کہ ”بلاشبہ عالمی کپ میں ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے، لیکن صرف شرکت کرنا ہی کافی نہیں ہوتا۔ بلکہ اصل منزل ہدف کا حصول ہے۔ کوچز مجھ سے زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ آپ کے کھیل میں کیا خامیاں اور کیا خوبیاں ہیں۔ تاہم میرے رائے میں آپ سب کو مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ اب آپ ورلڈ کپ میں جس مقام پر ہیں، وہاں کھونے کی کوئی گنجائش نہیں۔ پُرامید ہوں کہ آپ لوگ پاکستان کا کھویا ہوا وقار واپس دلانے میں کامیاب رہیں گے“۔ ٭
٭٭٭٭٭