اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اورفلسطینی نوجوان شہید
غزہ(امت نیوز)الخلیل میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اورفلسطینی نوجوان شہید ہو گیا۔فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق27 سالہ عمر حسن کی گاڑی پر چیک پوسٹ کے قریب گولیاں برسائی گئیں۔ فلسطینی عوام نے نوجوان کی میت کے ہمراہ سرحد کنارے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ دریں اثنااسرائیلی فوجیوں نے رام اللہ میںوفا خبررساں ایجنسی کے دفتر پر دھاوا بول کرکارکنوں پر تشدد کیا اورانہیں ایک کمرے میں بند کردیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس کا مکان بھی اسی علاقہ میں ہے۔ فلسطینی رہنما مصطفی برغوثی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے واضح کردیا ہے کہ وہ کسی معاہدے کا پابند نہیں اور صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔