فٹبال فیڈریشن کے انتخابات میں عامر ڈوگر ۔ ظاہر شاہ گروپ کامیاب
اسلام آباد( ناصرعباسی )پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) میں فیصل صالح حیات کے اقتدار کا 15 سالہ سورج غروب ہوگیا،پی ٹی آئی رہنما ملک محمد عامر ڈوگر اور ظاہر شاہ گروپ کے مشترکہ امیدوار سید اشفاق حسین شاہ صدرمنتخب ہوگئے۔ فیصل صالح گروپ کےتمام امیدوار ں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انتخابات میں قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر،سردار نوید حیدرخان اورسیدظاہرعلی شاہ نائب صدور منتخب ہو گئے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن 2018کےانتخابات سپریم کورٹ بلڈنگ اسلام آبادمیں منعقد ہوئے،پاکستان فٹبال فیڈریشن کےانتخابات کے لیے مقرر کردہ ریٹرننگ آفیسراورسپریم کورٹ آف پاکستان کےڈائریکٹرجنرل (انسانی حقوق ) عامر سلیم رانا نے پی ایف ایف انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتےہوئےبتایاکہ سید اشفاق حسین شاہ 17ووٹ لےکر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر منتخب ہوگئے جبکہ انوارالحق قریشی نےتین ووٹ حاصل کئےجبکہ نائب صدور کی تین نشستوں پر رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر 20ووٹ جبکہ سردارنوید حیدرخان اور ظاہر علی شاہ 18 ، 18 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور محمد جان مری نے چار ووٹ حاصل کئے۔ مجلس عاملہ کےلئے پنجاب سے محمد اشرف خان 19ووٹ اور میاں رضوان علی 18ووٹ، بلوچستان سے دوست محمد 19 ووٹ اور عزیز اللہ 17ووٹ، خیبر پختونخوا کے ذوالفقار احمد 19 اور سعاد رسول 18ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ سندھ سےجمیل احمد ہوٹھ اور عبدالناصر بلوچ بلا مقابلہ مجلس عاملہ کے رکن منتخب ہوگئے۔خواتین کی تین نشستوں کے لئے فرزانہ روف اور جویریہ ظفر سولہ، سولہ اور تصور عزیز چودہ ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں۔ جبکہ نادیہ نقوی نے دو ووٹ حاصل کئے۔