مصنوعی جیولری کو اصل بنا کر بیچنے والا 4 رکنی گروپ گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلفٹن پولیس نےآرٹیفیشل جیولری اصل جیولری بناکر بیچنے والا4 رکنی گروپ گرفتار کرلیا ہے۔ملزمان میں ایک خاتون شامل ہے۔ ملزمان کے قبضے سے آرٹیفیشل جیولری ، طلائی زیورات ،نقدی و جعلی رسیدیں برآمد کرلی ہیں۔ امت کو تھانہ کلفٹن کےہیڈ محرر قیصر نے بتایا کہ ملزمان صابر، طیب، ارسلان و فریحہ 9دسمبر کو جہلم سے آئے تھے اوروہ کلفٹن میں دو تلوار کے مقام کے قریب واقع جیولری شاپ پر آرٹیفیشل جیولری بیچ رہے تھے۔دکان مالک نے کیمیکل لگا کر جیولری کی چیکنگ کے بعدتھانہ کلفٹن کو اطلاع کردی جس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان گرفتار کرللئے۔ملزمان اوکاڑہ، چیچہ وطنی،ساہیوال ، حیدر آباد اور ملتان میں بھی کئی دکانداروں کو آرٹی فیشل جیولری بیچ چکے ہیں۔ ملزمان نامور جیولرز کی جعلی رسیدوں پر آرٹیفیشل جیولری کی رسیدیں بناتے تھےجس پر دکاندار جیولری چیک کیے بغیر خرید لیتے تھا۔ ملزمان کے قبضے سے8کنگن، 17بالیاں و دیگر آرٹیفیشل جیولری اورسونے کی2چینز ،ایک انگوٹھی بھی ملی ہے۔